حلقہ این اے 58 چکوال کا ٹکٹ ایک بار پھر افواہوں کی زد میں آگیا

 


ڈھڈیال(نامہ نگار خصوصی ) حلقہ این اے 58 چکوال کا ٹکٹ ایک بار پھر افواہوں کی زد میں آگیا۔استحکام پاکستان پارٹی کی حلقہ میں مسلم لیگ(ن)کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی افواہیں گرم، لیکن کسی اعلیٰ ذرائع سے اس کی تصدیق نہ ہوسکی۔ ضلع چکوال کے سیاسی حلقوں میں جمعرات کو اس وقت ہلچل مچ گئی جب استحکام پاکستان پارٹی کے حلقہ این اے 58 میں امیدوار سردار ذوالفقار علی خان دلہہ کے قریبی ذرائع نے یہ دعویٰ کیا کہ پارٹی کی مسلم لیگ(ن) کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوگئی ہے اور سردار ذوالفقار علی خان دلہہ اس حلقہ سے مسلم لیگ(ن) اور استحکام پاکستان پارٹی کے مشترکہ امیدوار ہوں گے۔اس خبر کے ساتھ ہی مسلم لیگی کارکنان کا شدید ردعمل سامنے آنا شروع ہو گیا اور انہوں نے اسے ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے اس ایڈجسٹمنٹ کو مسترد کر دیا۔اس سلسلہ میں جب مسلم لیگ(ن) کے امیدواروں میجر(ر) طاہر اقبال ،چوہدری سلطان حیدر علی خان اور ملک تنویر اسلم اعوان سے جب پارٹی شخصیات اور کارکنان نے رابطہ کیا تو وہ بھی نے اس سیٹ ایڈجسٹمنٹ یا ٹکٹ تبدیلی کے بارے میں کوئی واضح جواب نہ دے سکے۔ آخری اطلاعات کے مطابق مذکورہ حلقہ میں چہ میگوئیوں کا بدستور سلسلہ جاری ہے اور توقع کی جارہی ہے کہ آئندہ ایک دو روز میں صورتحال واضح ہو جائے گی۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.