آپریشن “بنیان المرصوص” عزم، بہادری، قربانی اور قومی غیرت کی لازوال داستان ہے، حافظ عبدالغفور منہاس
چکوال(نامہ نگار) چیئرمین پاکستان الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن (علاقائی) اور ریجنل یونین آف جرنلسٹس پاکستان کے جوائنٹ سیکرٹری حافظ عبدالغفور منہاس نے کہا ہے کہ آپریشن “بنیان المرصوص” عزم، بہادری، قربانی اور قومی غیرت کی لازوال داستان ہے جو پاکستان کی عسکری تاریخ کا ایک سنہرا باب بن چکا ہے۔ 6 اور 7 مئی 2025ءکی وہ سیاہ رات جب دشمن نے اپنے روایتی مکر و غرور کے ساتھ پاکستان کی سلامتی کو چیلنج کیا، پاک افواج نے “آپریشن بنیان المرصوص” کے ذریعے ثابت کر دیا کہ وطنِ عزیز کی سرحدیں ناقابلِ تسخیر ہیں۔وہ میڈیا ہاو¿س میں آپریشن بنیان المرصوص کی پہلی سالگرہ کے سلسلے میں منعقدہ پروگرام کے دوران میڈیا نمائندگان سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر ریجنل یونین آف جرنلسٹس پاکستان کے جنرل سیکرٹری راجہ ذوالفقار ڈھکو بھی موجود تھے۔حافظ عبدالغفور منہاس نے کہا کہ “بنیان المرصوص” ایک قرآنی اصطلاح ہے جس کا مطلب “سیسہ پلائی ہوئی دیوار” ہے، اور پاک فوج نے اپنے نام کے عین مطابق دشمن کے سامنے آہنی دیوار بن کر کھڑے ہونے کا عملی ثبوت دیا۔ انہوں نے کہا کہ مئی 2025ءمیں جب سرحد پار سے جارحیت کی گئی تو پاکستان کی مسلح افواج نے نہ صرف ملکی سرحدوں کا بھرپور دفاع کیا بلکہ دشمن کو عبرتناک شکست سے بھی دوچار کیا۔انہوں نے کہا کہ اس آپریشن میں پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کے جدید طیاروں کو نشانہ بنایا جبکہ پاک فوج کی اسٹریٹیجک فورسز نے دشمن کے دفاعی ڈھانچے کو تباہ کر کے دنیا کو حیران کر دیا۔ آپریشن بنیان المرصوص اس حقیقت کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان کی دفاعی صلاحیت ہر قسم کی جارحیت کا فوری، مو¿ثر اور فیصلہ کن جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ اس معرکے میں پاکستانی عوام نے بھی اپنی افواج کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا مظاہرہ کیا اور قوم کندھے سے کندھا ملا کر اپنی فوج کے ساتھ کھڑی رہی۔ یہ صرف ایک فوجی آپریشن نہیں تھا بلکہ قومی غیرت، خودمختاری اور استحکام کی جنگ تھی، جسے پاک افواج نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کے ساتھ کامیابی سے ہمکنار کیا۔حافظ عبدالغفور منہاس نے آپریشن کے دوران شہادت کا عظیم رتبہ پانے والے شہداءکو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداءکے مقدس خون نے وطنِ عزیز کے دفاع کو مزید مضبوط بنایا انہوں نے عسکری قیادت خصوصاً فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ایئر چیف سمیت پاک فوج، فضائیہ اور بحریہ کے بہادر جوانوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیاحافظ عبدالغفور منہاس نے اس موقع پر پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے چیئر مین جنرل جاوید اسلم اور روح رواں کرنل ظفر محمود اعوان کا خصوصی تزکرہ کرتے ہوئے کہا کہ سوسائٹی مسلح افواج کے جوانوں کے حوصلے بلند رکھنے کے لیے ہر وقت ہردم تازہ دم اور مستعد رہتی ہے ۔اس موقع پر ریجنل یونین آف جرنلسٹس پاکستان کے جنرل سیکرٹری راجہ ذوالفقار ڈھکو نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم آپریشن بنیان المرصوص کی تاریخی کامیابی پر اپنی بہادر افواج کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ آپریشن صرف ایک عسکری کامیابی نہیں بلکہ قومی اتحاد، قربانی، پیشہ ورانہ مہارت اور غیر متزلزل عزم کی روشن علامت بن چکا ہے۔راجہ ذوالفقار ڈھکو نے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں اور افسران نے اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر مادرِ وطن کے دفاع کے لیے جس جرات اور حکمتِ عملی کا مظاہرہ کیا، وہ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے شہداءاور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام ہر مشکل گھڑی میں اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔پروگرام کے اختتام پر ملک کی سلامتی، استحکام اور شہداءکے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

کوئی تبصرے نہیں