“ہم ہیں بنیانِ مرصوص” کے عنوان سے شہداء پارک چکوال میں ایک پروقار، ولولہ انگیز اور یادگار تقریب کا انعقاد

 


چکوال (ڈی آئی او) “ہم ہیں بنیانِ مرصوص” کے عنوان سے شہداء پارک چکوال میں ایک پروقار، ولولہ انگیز اور یادگار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈپٹی کمشنر چکوال سارہ حیات نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں اے ڈی سی آر محمد شہاب اسلم، اے ڈی سی جی بلال بن عبدالحفیظ، اسسٹنٹ کمشنر چکوال ارسلان سکندر، مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سابق چیئرمین میونسپل کمیٹی چکوال چوہدری سجاد حسین،ضلعی افسران، سماجی و سیاسی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے کیا گیا، جبکہ قومی ترانے کی دھن نے شرکاء میں حب الوطنی کا نیا جذبہ بیدار کر دیا۔ بعدازاں شاندار آتش بازی اور دلکش لائٹ شو نے تقریب کو چار چاند لگا دیے، جسے حاضرین نے بے حد سراہا ۔مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی مدبرانہ قیادت میں پاک افواج نے دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا کر پاکستان کی عسکری برتری، دفاعی مہارت اور ناقابلِ شکست عزم کو دنیا پر واضح کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ اور بالخصوص مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی ختم کرنے کے حوالے سے بھی فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کے مؤثر کردار کو عالمی سطح پر تحسین کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔ تقریب میں معروف قومی و مقامی فنکار قمر عباس قمری، طاہر علی خان اور نسیم علی صدیقی نے ملی نغموں کی پُرجوش پرفارمنس پیش کر کے شہداءِ وطن کی لازوال قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔ وطن سے محبت کے جذبے سے سرشار شرکاء نے ملی نغموں پر بھرپور جوش و خروش کا اظہار کرتے ہوئے پاک افواج سے اپنی والہانہ وابستگی کا اعادہ کیا۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.