معرکۂ حق (بنیان المرصوص) کی فتح کا ایک سال مکمل ہونے پر ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں ضلعی انتظامیہ کے زیرِ اہتمام ’’یومِ تشکر‘‘ قومی جذبے کےساتھ منایا گیا

 


چکوال( ڈی آئی او ) وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبہ بھر کی طرح ضلع چکوال میں بھی معرکۂ حق (بنیان المرصوص) کی فتح کا ایک سال مکمل ہونے پر ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں ضلعی انتظامیہ کے زیرِ اہتمام پاکستان کی بہادر اور پیشہ ورانہ مسلح افواج کی جانب سے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے پر ’’یومِ تشکر‘‘ قومی جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ تقریب میں رکنِ قومی اسمبلی میجر (ر) طاہر اقبال، پارلیمانی سیکرٹری برائے وزیرِ اعلیٰ پنجاب انسپکشن ٹیم چوہدری سلطان حیدر علی خان، ممبر صوبائی اسمبلی مہوش سلطانہ راجہ، مسلم لیگ (ن) کے رہنما راجہ عرفان شہزاد، ڈپٹی کمشنر سارہ حیات، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ذوالفقار کاشف، اے ڈی سی جی بلال بن عبد الحفیظ، معروف نعت خواں عبدالرزاق جامی، راجہ مجاہد افسر، اسسٹنٹ کمشنر چکوال ارسلان سکندر، ضلعی افسران، تاجر برادری، سول سوسائٹی، اساتذہ اور طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ایک سال قبل بھارت نے رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملہ کر کے پاکستان کی سالمیت کو چیلنج کرنے کی کوشش کی، تاہم پاک فوج، حکومت اور عوام نے اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے عزائم ناکام بنا دیے۔ مقررین نے کہا کہ پاکستان نے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ وہ ایک پُرامن مگر اپنے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھنے والی قوم ہے۔ انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق کے دوران پاک فوج کے شیروں اور شاہینوں نے آپریشن ’’بنیان المرصوص‘‘ کے تحت دشمن کو ایسی کاری ضرب لگائی کہ اس کے اہم ٹھکانے اور فوجی تنصیبات تباہ ہو گئیں اور دشمن چند ہی گھنٹوں میں جنگ بندی پر مجبور ہو گیا۔ مقررین نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کے مؤثر اور ذمہ دار کردار کو سراہا گیا جبکہ مشرقِ وسطیٰ کی کشیدگی میں ثالثی کی کوششوں پر فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی قیادت اور صلاحیتوں کا بھی اعتراف کیا جا رہا ہے۔مقررین نے کہا کہ یومِ تشکر منانے کا مقصد افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرنا اور یہ پیغام دینا ہے کہ ملکی سلامتی، خودمختاری اور بقاء کے لیے پوری قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن بنیان المرصوص میں تینوں مسلح افواج نے سورۃ الصف کی آیت نمبر 4 کے مطابق سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر دشمن کو منہ توڑ جواب دیا، جس پر پوری قوم کو اپنی افواج پر فخر ہے۔ قبل ازیں تقریب کا آغاز قومی پرچم کشائی سے ہوا جبکہ پنجاب پولیس، ریسکیو 1122، پیرا فورس اور سول ڈیفنس کے چاک و چوبند دستوں نے سلامی پیش کی۔ بعد ازاں پارلیمنٹرینز، ڈپٹی کمشنر چکوال، ڈی پی او چکوال اور دیگر انتظامی افسران کی قیادت میں یومِ تشکر ریلی بھی نکالی گئی جس میں شرکاء نے پاکستان زندہ باد اور افواجِ پاکستان کے حق میں نعرے لگائے۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.