چکوال بیوٹیفیکیشن پلان کے تحت بلکسر موٹر وے انٹرچینج کی تزئین و آرائش کا سٹیٹ آف دی آرٹ منصوبہ مکمل



 چکوال (نامہ نگار۔ڈھڈیال ) ڈپٹی کمشنر و ایڈمنسٹریٹر ضلع کونسل قراۃ العین ملک کی خصوصی سرپرستی و نگرانی میں ضلعی انتظامیہ نے چکوال بیوٹیفیکیشن پلان کے تحت بلکسر موٹر وے انٹرچینج کی تزئین و آرائش کا سٹیٹ آف دی آرٹ منصوبہ مکمل کر لیا ہے جو علاقائی ثقافت کے رنگوں ، چکوال میں تعلیم و تعلّم کے فروغ ، خوشنما جھیلوں کے پرکشش سیاحتی مناظر اور ماحولیاتی حسن کی غمازی کرنے والے شاہںکار ماڈلز پر مشتمل ہے ۔ ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک نے اے ڈی سی ریونیو خاور بشیر ، اے ڈی سی جی بلال بن عبدالحفیظ ، اے سی ہیڈکوارٹرز بلال زبیر سمیت ضلعی انتظامیہ ، ضلع کونسل و دیگر سرکاری محکموں کے افسران اور شہریوں کے ہمراہ تزئین و آرائش کے اس منصوبہ کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ لاہور اسلام آباد موٹر وے پر بلکسر انٹرچینج کو خوبصورت بنانے کے لئے ضلعی انتظامیہ کے اس منصوبہ سے جمالیاتی حسن نکھر کر سامنے آیا ہے جس سے آنے جانے والے لوگوں کو خوشگواریت کا احساس ہوتا ہے اور چکوال کی پہچان میں مزید اضافہ ہوا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ انٹر چینج کے اطراف میں مسافروں کے بیٹھنے کے لئے بنائی گئی خوبصورت اور صاف ستھری انتظار گاہیں منصوبہ تزئین و آرائش کی اضافی سہولت ہے ۔ بیوٹیفکیشن ماڈلز کے افتتاح اور معائنہ کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک نے مزید کہا کہ شہریوں میں آرائشی منصوبہ سے متعلق پائی جانے والی پذیرائی نہایت حوصلہ افزاء امر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہری اس منصوبہ کی اونر شپ کا ثبوت دیتے ہوئے آرائشی عمل کو برقرار رکھنے میں تعاون کریں ۔ انہوں نے اس موقع پر بتایا کہ چکوال بیوٹیفیکیشن پراجیکٹ کے تسلسل میں نیلہ دلہہ موٹر وے انٹرچینج کی تزئین و آرائش کے کام کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے جس کو جلد مکمل کر لیا جائے گا۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.