پسند کی شادی کرنے پر اغواء کے بعدنوجوان قتل، لڑکی لا پتہ


چکوال (رپورٹ: نبیل انور ڈھکو) پسند کی شادی کرنے پر اغواء کے بعدنوجوان قتل، لڑکی لا پتہ،چکوال میں غیرت کے نام پر اغواہ کے بعد ایک لڑکے کو قتل کر دیا گیا جبکہ لڑکی ابھی تک لا پتہ ہے۔ خدشہ ہے کہ لڑکی کو بھی قتل کر دیا جائے گا۔ پولیس لڑکی کی بازیابی کے لیے اغواہ کاروں کا تعاقب کر رہی ہے جو قریبی جنگل میں روپوش ہو گئے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق کھوکھر زیر کا ایک رہائشی جو گرلز کالج بھون میں لیب اٹینڈنٹ تھا نے اڑھائی ماہ قبل گیارویں جماعت کی ایک طالبہ سے محبت کی شادی کی۔ طالبہ کے ورثا نے اغواء کا مقدمہ درج کروایا لیکن لڑکی نے عدالت میں بیان دیا کہ اس نے اپنی مرضی سے شادی کی ہے، وہ نہ تو دارالامان جانا چاہتی ہے اور نہ ہی والدین کے ساتھ۔ اسے اس کے شوہر کے ساتھ رہنے کی اجازت دی جائے۔ جس پر عدالت نے لڑکی کو شوہر کے ساتھ جانے کی اجازت دے دی۔ 


آج لڑکی کے ورثا نے کھوکھر زیر میں جمیل اور اس کی اہلیہ کو گھر سے اغواہ کیا۔ اغواہ کا مقدمہ تھانہ صدر چکوال میں درج ہوا۔ شام کو شمس آباد کے قریب جنگل سے پولیس کو جمیل  کی لاش ملی جسے کلہاڑی کے وار سے قتل کیا گیا جبکہ اغواہ کار لڑکی کو لے کر جنگل میں روپوش ہو گئے ہیں۔ پولیس ابھی تک اغواہ کاروں کا پیچھا کر رہی ہے۔ خدشہ ہے کہ لڑکی کو بھی قتل کر دیا جائے گا۔ لڑکی کا تعلق سید گھرانے سے ہے۔ غیر سید آدمی کے ساتھ اور گھر سے بھاگ کر شادی کرنے کی وجہ سے لڑکی کے ورثا غصے میں تھے جنہوں نے جھوٹی انا اور غیرت کے نام پر لڑکے کو قتل کر دیا۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.