پی ٹی آئی کے متعدد سرگرم کارکنوں کو گرفتار، نامعلوم مقام پر منتقل
چکوال(رپورٹ عبدالغفور منہاس)چکوال پولیس نے اچانک چھاپے مار کر پی ٹی آئی کے متعدد سرگرم کارکنوں کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا، اکثر کارکنان پولیس کو جُل دے کر گھروں سے غائب ہو گئے، کاروائی میں پولیس کمانڈوز اور مقامی تھانوں کی پولیس نے حصہ لیا۔ پولیس نے تترال میں راجہ نذیر آڑھتی اور مشتاق فوجی کے گھروں پر چھاپے مارے، مشتاق فوجی کے بیٹے کو گرفتار کر لیا جبکہ ایاز امیر گروپ کے سرگرم رہنما راجہ محمد نذیر کے گھروں کے دروازوں پر اینٹیں برسائی گئیں۔ جبیرپور میں راجہ سکندر کے گھر چھاپہ مارا اور عدم دستیابی پر ان کے بیٹے کو گرفتار کر لیا۔ تلہ گنگ میں حافظ عمار یاسر کے قریبی ساتھی ملک شیرافضل کے گھر چھاپہ مارا ،ملک قدیر الطاف اور سلیم چینجی کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ چکوال شہر میں سرگرم رہنما عامر نوید قاضی کے گھر چھاپہ مارا ،کافی دیر تک ان کے گھر کا محاصرہ کیا گیا مگر وہ پولیس کے ہتھے نہ چڑھ سکے۔ ادھر پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار حلقہ این اے58چوہدری ایاز امیر نے کارکنوں کے گھروں پر چھاپوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ ضلع کچہری میں امیدوار برائے صوبائی اسمبلی چوہدری علی ناصر بھٹی اور راجہ طارق افضل کالس کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایاز امیر نے حکومت پر واضح کیا کہ الیکشن میں چند دن باقی رہ گئے ہیں وہ اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرنے کی بجائے پولنگ کی طرف جائیں ووٹ سے نہ گھبرایں اور انتخابی میدان میں مقابلہ کریں ۔ چوہدری ایاز امیر نے کہا کہ پولیس کو جو کام کرنا چاہئے اس کو ہٹا کر الیکشن ایجنٹ بنا دیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیاسی پارٹی کے ایجنٹ کا کردار ادا کر رہے ہیں ۔ڈی پی او کا رویہ بڑا عجیب ہے ، سب کچھ ان کی سرپرستی میں ہو رہا ہے۔ وہ خود یہ سارا کام کروا رہے ہیں یا پھر پولیس پر ان کا کنٹرول نہیں۔انہوںنے کہا کہ پولیس افسران کو پتا ہے اور انہیں یہ احساس ہے کہ ہم سے غیر قانونی ہتھکنڈے کروائے جا رہے ہیں اور شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جوں جوں الیکشن قریب آ رہا ہے ریٹرننگ افسران کو سب خبر ہے مگر وہ بے بس ہیں۔ وہ مخصوص طبقے کو فائدہ پہنچا رہے ہیں۔ انہوں نے ڈی پی او پر واضح کیا کہ وہ جرائم کنٹرول کرنے پر توجہ دیں۔ شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار نہ بنیں ،الیکشن ایجنٹ بن کر ایک جماعت کے الیکشن کروانے کی بجائے لاءاینڈ آرڈر کی صورتحال دیکھے، جرائم کے خاتمے پر اپنی توانائیاں صرف کرے۔ چوہدری ایاز امیر نے راجہ نذیر آڑھتی، مشتاق فوجی، راجہ سکندر،وسیم کرامت اور دیگر کارکنوں کے گھروں پر چھاپے، بھون اور ڈنڈوت میں ایس ایچ اوز کے ذریعے فون کروا کر سپورٹرز کو ہراساں کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔میڈیا بریفنگ کے دوران پاکستان تحریک انصاف لائرز ونگ کے ملک زعفران زلفی ایڈووکیٹ، سید نجم الحسن کاظمی ایڈووکیٹ ،نیئر عباس اعوان ایڈووکیٹ ، نعمان عادل ایڈووکیٹ، ملک شاہد اقبال ایڈووکیٹ اور دیگر وکلاءکی بڑی تعداد موجود تھی۔ ایاز امیر میڈیا بریفنگ کے بعد وکلاءٹیم کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر/ڈپٹی کمشنر کے دفتر پہنچے تاکہ انہیں صورتحال سے آگاہ کیا جا سکے مگر وہ ان کی آمد سے قبل ہی گاڑی میں بیٹھ کر تیزی سے ڈسٹرکٹ کمپلیکس چھوڑ گئے ۔ایاز امیر اپنے پینل اور وکلاءکے ہمراہ ڈسٹرکٹ پولیس آفس پہنچے جہاں پر انہوں نے پولیس افسران کو اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا ۔
کوئی تبصرے نہیں