ضلع چکوال و تلہ گنگ میں پلاسٹک شاپنگ بیگز کے استعمال پر پابندی عائد

 


چکوال (نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے صوبہ بھر کی طرح ضلع چکوال و تلہ گنگ میں پلاسٹک شاپنگ بیگز کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کر کے عوام کے لئے صحت مندانہ اور آلودگی سے پاک ماحول یقینی بنانے کی نوید سنائی ہے جو فلاح عامہ کے اعتبار سے تاریخی نوعیت کا اقدام ہے ۔ انہوں نے یہ بات بدھ کے روز ڈی سی آفس میں اپنے مسائل کے حل کے لئے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے لوگوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ مفاد عامہ کے اس اہم فیصلہ پر مکمل عملدرآمد کو کڑی مانیٹرنگ کے تحت یقینی بنائے گی تاہم ضروری ہے کہ ضلع چکوال و تلہ گنگ کے طول و عرض میں شہری و دیہی علاقوں کے تمام عوام پلاسٹک کے شاپنگ بیگز کا استعمال فوری طور پر ترک کر دیں اور اس ماحول دوست اقدام کی کامل پیروی و عملدرآمد کر کے پلاسٹک شاپنگ بیگز کے استعمال کی خود بھی حوصلہ شکنی کریں اور دوسروں کو بھی اس طرف راغِب کریں ۔ قبل ازیں ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک نے عوامی مسائل سے آگاہی حاصل کر کے ان کے تیز رفتار ازالہ کے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کئے ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کا فوری اور موثر حل ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کے حل کے لئے آنے والے عوام کو آسان رسائی کی سہولت دی گئی ہے تاکہ انہیں اپنے مسائل کی نشاندھی میں دقت سے دو چار نہ ہونا پڑے۔


..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.