عیدالاضحیٰ کے متبرک ایام کے لئے سیکیورٹی اور لا اینڈ آرڈر کنٹرول کا مربوط پلان مرتب کر لیا ہے،قراۃ العین ملک

چکوال(نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کے جاری کردہ احکامات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ و پولیس نے مشاورتی بنیاد پر عیدالاضحیٰ کے متبرک ایام کے لئے سیکیورٹی اور لا اینڈ آرڈر کنٹرول کا مربوط پلان مرتب کر لیا ہے جبکہ ضلع بھر میں عمدہ ترین صفائی کے انتظامات کے لئے میونسپل اداروں کو تفصیلی گائیڈ لائن جاری کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام میونسپل کمیٹیز کو یہ احکامات بھی جاری کئے گئے ہیں کہ ایام عید کے دوران قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگانے کے انتظامات یقینی بنائے جائیں تاکہ ضلع میں کسی بھی جگہ صفائی کے مسائل پیدا نہ ہوں۔انہوں نے یہ بات ڈی پی او کیپٹن (ر) واحد محمود کے ہمراہ ضلعی امن و بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں علمائے کرام و اکابرین، اے ڈی سی جی بلال بن عبدلحفیظ اور ضلعی انتظامیہ و پولیس کے افسران نے شرکت کی۔ علمائے کرام و اکابرین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحیٰ اور آئندہ محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی پلان پر عملدرآمد میں ضلعی انتظامیہ و پولیس کو بھر پور معاونت فراہم کی جائے گی۔ ضلعی امن و بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کے معزز اراکین نے مفید تجاویز دیتے ہوئے کہا کہ ضلع کی پر امن فضاء کو برقرار رکھنے، اخوت و بھائی چارہ اور ہم آہنگی کے فروغ کے لئے حسبِ سابق بھر پور تعاون کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک نے علمائے کرام و اکابرین سمیت کمیٹی کے تمام معزز اراکین کے کلیدی تعاون کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کی طرف سے دی گئی مفید تجاویز پر حسبِ منشاء عملدرآمد کیا جائے گا۔ قبل ازیں ڈی پی او کیپٹن (ر) واحد محمود نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عید الاضحیٰ اور محرم الحرام کے سلسلہ میں سیکیورٹی اینڈ ویجی لینس پلان کے نمایاں پہلوؤں پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور کہا کہ ضلعی امن کمیٹی کے معزز اراکین کے تعاون سے حسب منشاء عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.