ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک کا میانی تحصیل کلرکہار کا دورہ

 


چکوال (نامہ نگار ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر عوام کو معیاری اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے کے لئے ضلعی انتظامیہ مارکیٹ میں پرائس چیکنگ کا اچانک عمل جاری رکھے ہوئے ہے اور اشیائے ضروریہ مہنگے داموں فروخت کرنے والے دکانداروں کے خلاف موقع پر قانونی کارروائی مکمل کی جا رہی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک نے سوموار کے روز موضع میانی تحصیل کلرکہار دورہ کے موقع پر اشیائے ضروریہ کی دکانوں پر چیکنگ کر کےنرخوں کا جائزہ لیا اور تمام دکانداروں پر واضح کیا کہ اشیاء کے مقررہ نرخوں سے زائد قیمت پر فروخت کرنے والے دکانداروں سے کسی صورت رعایت نہیں کی جائے گی ۔ ڈپٹی کمشنر نے دکانداروں کو خبردار کیا کہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے اشیائے ضروریہ کے مقرر کردہ نرخوں کی فہرستیں عوامی آگاہی کے لئے دکانوں میں نمایاں جگہوں پر آویزاں رکھی جائیں تاکہ خریداری کے لئے آنے والے شہری نرخوں سے پوری طرح آگاہ ہو کر اپنی ضرورت کے مطابق اشیاء خرید سکیں ۔ انہوں نے واضح کیا کہ مقررہ نرخ نامے آویزاں نہ کرنا پرائس کنٹرول ایکٹ کی سنگین خلاف ورزی ہے جس سے صارفین کا استحصال نہیں کرنے دیا جائے گا۔مقررہ نرخ نامے آویزاں نہ کرنے والے دکانداروں کو سخت ترین قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا. اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو بھی ہدایت کی کہ مارکیٹ میں روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ کر کے مقررہ نرخوں کا نفاذ یقینی بنایا جائے۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.