وفاقی بجٹ میں کورونا کے تدارک کیلئے 1200 ارب روپے مختص
وفاقی حکومت نے مالی سال 21-2020 کے بجٹ میں کورونا وائرس کے تدارک کے لیے 1200 ارب روپے سے زائد کی پیکج تجویز کیا ہے۔
وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار حماد اظہر نے بتایا کہ 875 ارب روپے کی رقم وفاقی بجٹ سے فراہم کی جائے گی جسے مختلف کاموں کے لیے مختص کیا گیا ہے۔
دستاویز کے مطابق طبی آلات، حفاظتی لباس اور طبی شعبے کے لیے 75 ارب روپے، یوٹیلٹی اسٹورز پر رعایتی نرخوں پر اشیا کی فراہمی کے لیے 50 ارب مختص کیے گئے ہیں۔
دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ روزانہ اجرت کمانے والے مزدوروں اور ملازمین کو کیش ٹرانسفر کے لیے 200 ارب روپے، ایک کروڑ 60 لاکھ کمزور اور غریب خاندانوں اور پناہ گاہ کے لیے 150 ارب روپے اور بجلی و گیس کے مؤخر شدہ بلوں کے لیے 100 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
بجٹ دستاویز کے مطابق کورونا ایمرجنسی فنڈ کے لیے 100ارب روپے، کسانوں کو سستی کھاد، قرضوں کی معافی کے لیے 50 ارب روپے اورچھوٹے کاروباروں کے 3 ماہ کے بجلی بل کی ادائیگی کے لیے 50 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔
برآمد کنندگان کو ریفنڈ کے لیے 100 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ ملک میں کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور اب تک مہلک وبا سے 2400 سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 28 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔
کوئی تبصرے نہیں