قصبہ لنگاہ میں کورونا وائرس سے ایک خاتون جاں بحق ہوگئی
ایس او پیز کے تحت جمعہ کی صبح 3بجے لنگاہ میں سپردخاک کردیا گیا
ڈھڈیال (نامہ نگارخصوصی۔ ڈھڈیال نیوز)قصبہ لنگاہ میں کورونا وائرس سے ایک خاتون جاں بحق ہوگئی۔ 28سالہ عظمی بی بی دختر حکیم آزاد خان کو خرابی طبیعت کے باعث مورخہ 27 مئی کو فوجی فاؤنڈیشن ہسپتال راولپنڈی میں داخل کرایا گیا جہاں اس کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آیا اور دوران علاج اس نے4جون کی شام دم توڑ دیا۔ اسے ایس او پیز کے تحت جمعہ کی صبح 3بجے لنگاہ میں سپردخاک کردیا گیا۔ نمازجنازہ میں ڈاکٹر انجم قدیر، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن چکوال افتخار احمد ایلی، انکروچمنٹ انسپکٹر عرفان کاظمی، سابق نائب ناظم بابو محمد اشرف، نمبردار رب نواز اور خاندان کے دس افرادسمیت میونسپل کارپوریشن کے دیگر اہلکاروں نے شرکت کی۔
لنگاہ میں کورونا وائر س سے 28سالہ عظمیٰ بی بی کے جاں بحق ہونے کے
ڈھڈیال (نامہ نگارخصوصی۔ ڈھڈیال نیوز)لنگاہ میں کورونا وائر س سے 28سالہ عظمیٰ بی بی کے جاں بحق ہونے کے باوجود ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کوئی حفاظتی اقداما ت نہیں کئے گئے جس کی وجہ سے لوگوں میں سخت تشویش پائی جارہی ہے۔ قصبہ کی ایک سرکردہ شخصیت نے ڈھڈیال نیوزکوبتایا کہ 27مئی کو مذکورہ خاتون کو فوجی فاؤنڈیشن ہسپتال راولپنڈی میں داخل کرایا گیا۔ اس کے بعد اس کے خاندان کے دیگر افراد کے ٹیسٹ لیے گئے اور نہ ہی گلی کو سیل اور سپرے کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ لنگاہ ایک بڑی آبادی والا قصبہ ہے۔ ایک خاتون کی اس وائرس سے ہلاکت کے باوجود محکمہ صحت اور دیگر ذمہ دار محکموں کا کوئی نوٹس نہ لینا حیران کن ہے۔ محکمہ صحت کا موقف جاننے کیلئے دو اعلیٰ افسران سے رابطہ کیا گیا لیکن ان کی جانب سے ابھی تک کوئی جواب نہیں دیا گیا۔
کوئی تبصرے نہیں