پی ٹی آئی کے رہنماراجہ طارق افضل کالس کو گرفتار کرنے کا منصوبہ
چکوال(نبیل انور ڈھکو): چکوال کی ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور حلقہ پی پی اکیس کے امیدوار راجہ طارق افضل کالس کو گرفتار کرنے کا منصوبہ بنا لیا ہے۔ راجہ طارق افضل کالس کے خلاف تھانہ ڈوہمن میں دو ایف آئی آرز، ایک 9 مئی کے احتتجاج کے حوالے سے اور ایک فیس بک پر ویڈیو بیان کے حوالے سےدرج ہیں۔ راجہ طارق کالس نو مئی سے منظر سے غائب ہیں۔ انہوں نے ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت کروا رکھی ہے جو کل 29 دسمبر کو ختم ہو گی۔ لیکن ممکنہ گرفتاری سے بچنے کے لیے راجہ طارق ابھی تک ضمانت قبل از گرفتاری نہیں کروا سکے۔ حلقہ پی پی بیس اور اکیس سے پی ٹی آئی کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کل ہونی ہے۔ ان امیدواروں میں راجہ طارق کالس بھی شامل ہیں جو پی پی اکیس سے پی ٹی آئی کے امیدوار ہیں۔ کاغذات کی جانچ پڑتال کے لیے کوئی امیدوار اپنا نمائندہ بھیج سکتا ہے لیکن ضمانت قبل از گرفتاری کے لیے ملزم کو خود عدالت کے سامنے پیش ہونا پڑتا ہے۔
ذرائع کے مطابق چکوال پولیس کا منصوبہ یہ ہے کہ راجہ طارق افضل کالس جوں ہی کل ضمانت قبل از گرفتاری کے لیے پیش ہوں تو انہیں گرفتار کر لیا جائے گا۔ اس گرفتاری کے لیے پولیس کی بھاری نفری کو کل طلب کر لیا گیا ہے تاکہ راجہ طارق کو عدالت میں جانے سے پہلے ہی گرفتار کیا جا سکے۔
کوئی تبصرے نہیں