ضلع چکوال و تلہ گنگ میں پولیو کے خلاف سال 2024 ء کا پہلا پانچ روزہ ویکسی نیشن راؤنڈ آٹھ جنوری سے شروع ہوگا

چکوال (نامہ نگار ) انسدادِ پولیو کی قومی مہم کے تسلسل میں ضلع  چکوال و تلہ گنگ میں پولیو کے خلاف سال 2024 ء کا پہلا پانچ  روزہ ویکسی نیشن راؤنڈ پیر آٹھ جنوری سے شروع ہوگا جو بارہ جنوری تک جاری رہے گا اور اس کے دوران ضلع چکوال و تلہ گنگ میں پانچ سال تک عمر کے 249445 بچوں کو حفاظتی ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے ۔ پولیو کے خلاف اس پانچ روزہ ویکسی نیشن راؤنڈ کا افتتاح ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ویکسی نیشن کاؤنٹر پر بچوں کو حفاظتی ویکسین کے قطرے پلا کر کیا ۔ اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر آصف ارباب ، ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر انجم  قدیر ،  اے ایم ایس ڈاکٹر شیخ رفتار حسین اور ڈی ایچ او  ڈاکٹر محمد  شہباز بھی موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر کو ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کی طرف سے دی گئی بریفنگ میں بچوں کی حفاظتی ویکسی نیشن کے لئے تعینات موبائل ، فکسڈ اور ٹرانزٹ ٹیموں ، فیلڈ سپروائزری افسران و سٹاف اور دیگر انتظامات کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا ۔ ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک  نے بچوں کی حفاظتی ویکسی نیشن کے افتتاح کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کے خلاف حفاظتی ویکسین کے" دو قطرے ، ہر بچہ ہر بار" کا اصول بچوں کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے ۔ انہوں نے اس موقع پر بچوں کے والدین کے لئے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اپنے بچوں کے عظیم تر مفاد میں محکمہ صحت کی ٹیموں سے مکمل تعاون کریں اور پانچ سال تک عمر کے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین کے قطرے پلوانے کی انتہائی اہم ذمہ داری پوری کی جائے۔


..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.