پادشاہان میں مسلم لیگ (ن) نے اپنی انتخابی رابطہ مہم کا باضابطہ آغاز کر دیا

ڈھڈیال(نامہ نگار خصوصی) یونین کونسل پادشاہان میں مسلم لیگ (ن) نے اپنی انتخابی رابطہ مہم کا باضابطہ آغاز کر دیا۔اس سلسلہ میں ایک انتخابی جلسہ ڈھوک دندی میں منعقد ہوا جس کے مہمان خصوصی حلقہ پی پی 21 کے امیدوار ملک تنویر اسلم اعوان تھے۔جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری شہریار سلطان نے کہا کہ ضلع چکوال کی ترقی میں مسلم لیگ (ن) کا مرکزی کردار ہے۔عوام مسلم لیگ (ن)کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرائیں تاکہ ترقی کا یہ عمل جاری رہے۔سینئر رہنما ڈاکٹر قیصر مجید ملک نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت عمران خان کو پاکستان پر مسلط کیا گیا جس سے ملک پستی میں چلا گیا۔انہوں نے کہا کہ آنے والا وقت مسلم لیگ (ن) کا ہے اور میاں نواز شریف کی قیادت میں اب ایک بار پھر ترقی کا دور شروع ہوگا۔مہمان خصوصی اور حلقہ پی پی 21 سے مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار ملک تنویر اسلم اعوان نے کہا کہ میں آپ لوگوں کا تہہ دل سے مشکور ہوں کہ آپ نے 2018 میں میرے حلقہ میں شامل ہونے پر مجھ سے شناسائی نہ ہونے کے باوجود مجھ پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا میں نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی سیاست کی ہے اور میرا 20 سالہ سیاسی کیریئر اس کا گواہ ہے۔ملک تنویر اسلم اعوان نے کہا کہ وہ بلا تفریق عوام کی خدمت کے مشن کو جاری رکھیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہم سب ایک ہیں اور سب نے مل کر ہی پارٹی کی کامیابی کو یقینی بنانا ہے۔جلسہ سے سابق ممبر ضلع کونسل چوہدری غلام صفدر رتہ،مرزا صفدر چوہان اور میزبان جلسہ چوہدری جمشید نے بھی خطاب کیا۔اس سے قبل جلسہ گاہ پہنچنے پر مسلم لیگ(ن) کے رہنماؤں کا پرتپاک استقبال کیا گیا ان پر پھولوں کی پتیاں اور نوٹ نچھاور کئے گئے۔جلسہ کے اختتام پر چوہدری جمشید کی طرف سے ملک تنویر اسلم اعوان کو تحفہ میں ایک گھوڑا پیش کیا گیا۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.