گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نمبر1چکوال میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کر دیا گیا





چکوال (ڈسڑکٹ رپورٹر)گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نمبر1چکوال میں 11لاکھ روپے کی لاگت سے نصب کیے گئے واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کر دیا گیا۔فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح عطیہ کرنے والی سکول کی اولڈ سٹوڈنٹ اورمحسن چکوال چیئرمین فرینڈز آف چکوال برمنگھم چوہدری اظہر محمود چکرال کی اہلیہ گل رعنا اظہر نے فیتہ کاٹ کر کیا۔اس موقع پر چوہدری گل محمد چکرال ،چوہدری یعقوب چکرال، پرنسپل گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نمبر1میڈم مسرت جبین اور سکول کی دیگر اساتذہ بھی موجود تھیں۔سکول اساتذہ اور طالبات نے چوہدری اظہر محمود چکرال اور ان کی اہلیہ گل رعنا اظہر کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ۔مسز گل رعنا اظہر جب چوہدری اظہر محمود چکرال کے ہمراہ فلٹریشن پلانٹ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے سکول پہنچیں تو اساتذہ اور طالبات نے ان کا شاندار استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔مسز گل رعنا اظہر نے چوہدری اظہر محمود چکرال کے ہمراہ فیتہ کاٹ کر افتتاح کیا ۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گل رعنا اظہر نے بتایا کہ وہ ماضی میں مذکورہ سکول کی سٹوڈنٹ رہی ہیں ۔نئی تعینات ہونے والی پرنسپل مسرت جبین نے چارج سنبھالنے کے فوراً بعدان کی توجہ سکول میں پانی کی عدم دستیابی کی طرف دلائی تھی کہ سکول کی طالبات کے لیے صاف پانی کا مسئلہ درپیش ہے اور سکول کی 2200سے زائد طالبات کو پینے کے پانی کے لیے مشکلات درپیش ہیں۔ جس پر انہوں نے چوہدری اظہر محمود چکرال سے بات کی تو چوہدری اظہر محمود چکرال کی مشاورت سے انہوں نے سکول کے لیے فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب کی یقین دہانی کرائی۔جس پر 11لاکھ روپے کی لاگت سے فلٹریشن پلانٹ نصب کر دیا گیا ہے اور انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ ان کے مادر علمی میں ہزاروں طالبات کے لیے پینے کے پانی کا دیرینہ مسئلہ حل ہو گیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری اظہر محمود چکرال نے کہا کہ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نمبر1ضلع چکوال کی سب سے بڑی تعلیمی درسگاہ ہے ۔یہاں پر طلباءو طالبات کے لیے پانی کامسئلہ درپیش تھا جو ان کی مسز نے ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے 11لاکھ روپے کی لاگت سے فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب کی صورت میں حل کروایا۔اس موقع پر سکول پرنسپل میڈم مسرت جبین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گل رعنا اظہر اور چوہدری اظہر محمود چکرال کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سکول میں 2200طالبات ،60کے قریب سٹاف کے لیے پینے کے پانی کا دیرینہ مسئلہ حل ہو چکا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس سے پہلے سکول کی طالبات کے لیے پانی کا کوئی انتظام نہ تھا۔ طالبات مجبوراً گھر سے پانی لے کر آتی تھیں۔ سکول کا پانی ناقابل استعمال ہونے کی وجہ سے کئی سالوں سے مسئلہ چلا آ رہا تھا۔جس کی بابت متعدد بار حکومتی ایوانوں اور مخیر شخصیات کے سامنے آواز اٹھائی گئی مگر یہ نیکی گل رعنا اظہر اور چوہدری اظہر چکرال کے حصہ میں آنی تھی۔ سکول کی طالبات اس امر سے بہت خوش ہےں۔کیونکہ پانی انسان کی ایک بنیادی ضرورت ہے۔پینے کا پانی پہلے اور تعلیم بعد میں ہوتی ہے۔اگر سکول میں طالبات کو پینے کا پانی نہیں ملے گا تو وہ تعلیم کیسے حاصل کر پائیں گی۔ اس حوالے سے چوہدری اظہر محمود چکرال اور ان کی اہلیہ کا جذبہ ایثار قابل تحسین ہے۔پرنسپل مسرت جبین نے چوہدری اظہر چکرال کے والد چوہدری نور خان چکرال مرحوم کا ذکر کیا کہ جنہوں نے اپنے گاﺅں میں بنیادی مرکز صحت قائم کروایا تھا اوران کی وفات کے بعد چوہدری اظہر محمود چکرال اور ان کے بھائی چوہدری گل محمد چکرال آج تک مرکز صحت میں ادویات پہنچا رہے ہیں۔چکرال گاﺅں کے بوائز اور گرلز سکولوں میں بھی ہر سال مستحق طلبہ و طالبات کو یونیفارم بھی فراہم کیا جاتاہے۔دریں اثناءواٹر فلٹریشن پلانٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل مسرت جبین اور دیگر اساتذہ نے سکول میں پینے کے پانی کا مسئلہ حل کروانے پر خراج تحسین پیش کیا اور سکول طالبات نے بھی انتہائی مسرت کا اظہار کیا۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.