پیارے نبی صلی اللہ علیہ والہ وسلّم کی پیاری پیاری باتیں!!

 


محمد اکرم چوہدری

ابراہیم بن زیاد عباد بن عبداللہ بن عمرو، عبداللہ، حضرت ابن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلّم نے ارشاد فرمایا تمہارے ناموں میں سے اللہ کے ہاں پسندیدہ نام عبداللہ اور عبدالرحمن ہیں۔ جابر بن عبداللہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ ہم میں سے ایک آدمی کے ہاں بچہ پیدا ہوا تو اس نے اس کا نام محمد رکھا تو اسے اس کی قوم نے کہا ہم تجھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلّم کے نام پر نام نہیں رکھنے دیں گے وہ آدمی اپنے بیٹے کو اپنی پیٹھ پر اٹھا کر چلا اور نبی صلی اللہ علیہ والہ وسلّم کے پاس لایا اور عرض کیا اے اللہ کے رسول میرے ہاں بچہ پیدا ہوا تو میں نے اس کا نام محمد رکھا لیکن میری قوم نے مجھے کہا ہم تجھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلّم کے نام پر نام نہیں رکھنے دیں گے رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلّم نے فرمایا میرے نام پر نام رکھو لیکن میری کنیت پر کنیت نہ رکھو میں تقسیم کرنے والا ہوں اور تم میں تقسیم کرتا ہوں۔ حضرت جابر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلّم نے فرمایا تم میرے نام پر نام رکھو لیکن میری کنیت پر کنیت نہ رکھو کیونکہ میں ابوالقاسم ہوں اور تمہارے درمیان تقسیم کرتا ہوں۔ حضرت مغیرہ بن شعبہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ جب میں نجران آیا تو لوگوں نے مجھ سے پوچھا تم نے (سورہ مریم میں) پڑھا ہے حالانکہ حضرت موسیٰ حضرت عیسیٰ علیہ السلام سے اتنی مدت پہلے گزرے ہیں۔ جب میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلّم کے پاس آیا تو میں نے آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلّم سے اس بارے میں پوچھا تو آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلّم نے ارشاد فرمایا وہ (بنی اسرائیل) انبیاء (علیہم السلام) اور گزرے ہوئے نیک آدمیوں کے ناموں پر اپنے نام رکھتے تھے۔ حضرت سمرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ بن جندب سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلّم نے ہمیں اپنے غلاموں کے چار نام افلح، رباح، یسار اور نافع رکھنے سے منع فرمایا۔

حضرت سمرہ بن جندب رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلّم نے فرمایا اللہ کے نزدیک سب سے زیادہ محبوب کلمات چار ہیں (ترجمہ) اور تجھے اس میں سے کسی بھی کلمہ کو شروع کرنا نقصان نہ دے گا اور تم اپنے بچے کا نام یسار، رباح، تجیح اور افلح نہ رکھنا کیونکہ تم کہو گے فلاں یعنی افلح اور وہ نہ ہوگا تو کہنے والا کہے گا افلح (کامیاب) نہیں ہے اور یاد رکھو یہ الفاظ چار ہی ہیں انہیں زیادہ کے ساتھ میری طرف منسوب نہ کرنا۔ حضرت ابن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلّم نے عاصیہ کا نام تبدیل کر دیا اور فرمایا تو جمیلہ ہے ۔ حضرت ابن عمر ؓ سے روایت ہے کہ عمر ؓ کی ایک بیٹی کو عاصیہ کہا جاتا تھا رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلّم نے اس کا نام جمیلہ رکھا۔ حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ جویریہ کا نام برہ تھا رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلّم نے اس کا نام بدل کر جویریہ رکھا اور آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلّم ناپسند کرتے تھے کہ یہ کہا جائے وہ برہ یعنی نیکی سے نکل گیا ۔ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ زینب کا نام برہ تھا تو اسے کہا گیا کہ وہ ازخود پاکیزہ بنتی ہے تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلّم نے اس کا نام زینب رکھ دیا۔ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ والہ وسلّم نے ارشاد فرمایا اللہ کے نزدیک سب سے برا نام یہ ہے کہ کسی آدمی کا نام شہنشاہ رکھا جائے ابن ابی شیبہ نے اپنی روایت میں اللہ کے سوا کوئی شہنشاہ نہیں کا اضافہ کیا ہے احمد بن حنبل نے کہا میں نے ابوعمر ؓ سے اخنع کا معنی پوچھا تو انہوں نے کہا سب سے زیادہ ذلیل۔

حضرت ابوہریرہ ؓ کی رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلّم سے مروی احادیث میں سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلّم نے فرمایا قیامت کے دن اللہ کے نزدیک سب سے مبغوض اور بد ترین آدمی وہ ہوگا جس کا نام شہنشاہ رکھا گیا ہوگا اللہ کے سوائے کوئی بادشاہ نہیں۔ حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ میں عبداللہ بن ابوطلحہ انصاری ؓ کی ولادت کے بعد اسے رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلّم کی خدمت میں لے کر حاضر ہوا اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلّم اس وقت سخت کام میں مشغول تھے یعنی اپنے اونٹ کو روغن مل رہے تھے تو آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلّم نے فرمایا کیا تیرے پاس کھجوریں ہیں میں نے عرض کیا جی ہاں اور میں نے کچھ کھجوریں آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلّم کی خدمت میں پیش کیں آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلّم نے انہیں اپنے منہ میں ڈال کر چبایا پھر اس بچے کا منہ کھول کر آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلّم نے انہیں بچے کے منہ میں ڈال دیا بچہ نے اسے چوسنا شروع کردیا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلّم نے فرمایا انصار کو کھجوریں پسندیدہ ہیں اور اس کا نام عبداللہ رکھا۔

اللہ تعالیٰ ہمیں نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلّم کی سنتوں پر عمل کرنے، پھیلانے اور جو لوگ سنتوں کو پھیلانے کا عظیم کام کر رہے ہیں ان کے ساتھ تعاون کی توفیق عطاء فرمائے۔ آمین

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.