ہرڑ چوک ڈورے روڈ کی تعمیر کا کام بدستور بند،عوام کی زندگی عذاب

 

ڈھڈیال(نامہ نگارخصوصی ) ہرڑ چوک ڈورے روڈ کی تعمیر کا کام بدستور بند،عوام کی زندگی عذاب بنادی گئی۔ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ ہائی وے نے ڈھٹائی کے سابقہ تمام ریکارڈ توڑ دئیے۔15 جولائی 2022 کو ہرڑ چوک ڈورے روڈ کو اکھاڑ کر نئی تعمیر کا آغاز کیا گیا۔ روڈ پر بے ڈھنگا بجر پھینک کر ٹھیکیدار غائب ہو گیا۔ کئی ٹھیکیدار آئے اور غائب ہو گئے. مذکورہ روڈ پر گزشتہ کئی ماہ سے کام بند پڑا ہے۔بکھرے بجر اور گہرے گڑھوں نے عوام کی زندگی عذاب بناکر رکھ دی ہے۔ گاڑیوں کے ٹائر پھٹ رہے ہیں اور انہیں نقصان بھی پہنچ رہا ہے ۔ روڈ پر پڑے پتھروں سے لوگوں کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں لیکن اس کا کوئی نوٹس نہیں لے رہا۔ اس ادھورے روڈ سے دو درجن سے زائد دیہات متاثر ہو رہے ہیں لیکن کسی کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ اس ادھورے منصوبہ کو عوام کے لیے عذاب بنے 19 ماہ ہو چکے ہیں لیکن ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ اس تاخیر کا ذمہ دار کون ہے۔ ڈپٹی کمشنر چکوال اور محکمہ ہائی وے کے حکام صورتحال  کا فوری نوٹس لیں۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.