ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کی جیت کی خوشی میں موہڑہ الہو میں ریلی کا انعقاد کیا گیا
ڈھڈیال(نامہ نگار خصوصی) ضلع چکوال میں مسلم لیگ (ن) کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کی جیت کی خوشی میں موہڑہ الہو میں ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ جس کی قیادت مسلم لیگ (ن) یونین کونسل پادشاہان کے صدر چوہدری افتخار پٹواری اور سرکردہ پارٹی رہنماؤں نے کی۔ریلی گولوں کی گھن گرج کے ساتھ مسوال چوک سے ڈیرہ سابق نائب ناظم یونین کونسل پادشاہان چوہدری خالد نواز مرحوم موہڑہ الہو پرپہنچی تو شرکاء ریلی کا پرجوش استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق ممبر ضلع کونسل چکوال چوہدری غلام صفدر رتہ نے کہا کہ عوام نے ایک بار مسلم لیگ (ن) پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے اور پوری امید ہے کہ ہمارے منتخب نمائندے یونین کونسل پادشاہان کے مسائل خصوصاً ہرڑ چوک چوہان روڈ کی جلد تکمیل کے لئے ترجیحی بنیادوں پر کام کریں گے۔ریلی کے میزبان چوہدری افتخار پٹواری نے کہا کہ یونین کونسل پادشاہان سے مسلم لیگ نے ہمیشہ کامیابی حاصل کی ہے جو تمام دوستوں کی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ ہم متحد ہیں اور انشاء اللہ آئندہ بھی پارٹی کو مزید مضبوط بنانے اور اسے کامیاب کرانے کے لئے ہمارا بھرپور تعاون جاری رہے گا۔ انہوں نے ریلی کے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ ریلی میں چوہدری غلام علی لنگاہ ، چوہدری امجد لنگاہ ، چوہدری صفدر ہسولہ، صوبیدار نورخان ڈھوک جکھڑ، چوہدری مسرت اقبال ڈورے، چوہدری اشفاق رتہ، راجہ حفیظ موہڑہ خورد، چوہدری ظفر سانگ کلاں سمیت یونین کونسل کی دیگر سرکردہ شخصیات اور معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔آخر میں مرحوم چوہدری خالد نواز کے ایصال ثواب کے لئے دعا کی گئی۔ کمپئرنگ کے فرائض مرزا صفدر چوہان نے سر انجام دے۔
کوئی تبصرے نہیں