کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ کا آر پی او راولپنڈی سیدخرم علی کے ہمراہ چکوال کا دورہ
چکوال(نامہ نگار) کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ نے بدھ کے روز آر پی او راولپنڈی سید خرم علی کے ہمراہ چکوال کا دورہ کیا جس کے دوران انہوں نے آٹھ فروری کو منعقد ہونے والے عام انتخابات کے لئے ضلعی انتظامیہ و پولیس کی طرف سے ضلع چکوال و تلہ گنگ میں کئے گئے سیکیورٹی سمیت تمام تر انتظامات کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر انہوں نے ڈپٹی کمشنر و ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر چکوال قراۃ العین ملک ، ڈی پی او کیپٹن ریٹائرڈ واحد محمود اور اے ڈی سی آر و ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر تلہ گنگ خاور بشیر کے ہمراہ ڈی سی آفس کمپلیکس میں قائم الیکشن سیل اور ملحقہ کنٹرول روم کا معائنہ کیا ۔ کمشنر لیاقت علی چٹھہ اور آر پی او سید خرم علی کو اس موقع پر ضلع چکوال و تلہ گنگ میں پولنگ سٹیشنز پر تعینات پولنگ سٹاف ، الیکشن میٹیریل کی ترسیل اور فول پروف سیکیورٹی انتظامات سمیت تمام امور کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا گیا ۔ کمشنر اور آر پی او راولپنڈی نے اظہارِ اطمینان کرتے ہوئے اس امر کی ہدایت کی کہ آٹھ فروری کو تمام پولنگ سٹیشنز پر انتخابی عمل کے بر وقت آغاز سے لے کر تکمیل تک شفاف اور پر امن ماحول برقرار رکھا جائے ۔ بعد ازاں انہوں نے ریٹرننگ آفس سے پولنگ سٹیشنز کے لئے الیکشن میٹیریل کی تقسیم و ترسیل کے عمل کا بھی جائزہ لیا۔
کوئی تبصرے نہیں