حالیہ الیکشن دھاندلی کی نئی روایات چھوڑ گیا،محمداشرف آصف

 


چکوال(نامہ نگار)جماعت اسلامی چکوال نے حلقہ پی پی20سے تعلق رکھنے والے سپورٹرز کے اعزاز میں عشائیہ دیا جس میں سینکڑوں سپورٹرز نے شرکت کی۔ امیر جماعت اسلامی ضلع چکوال اور امیدوار برائے صوبائی اسمبلی محمد اشرف آصف نے سپورٹرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ الیکشن دھاندلی کی نئی روایات چھوڑ گیا۔عوام حالات سے مایوس نہ ہوں اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوںنے کہا کہ الیکشن ایک ڈرامہ ثابت ہوا ۔تاریخ کی بدترین دھاندلی ہوئی۔ ہارنے والوں کو کامیاب بنا کر جیتنے والوں کو ہروا دیا گیا۔ دھاندلی سے جمہوریت پر بدنما داغ لگا کر عوام کے ووٹوں پر ڈاکہ ڈالا گیا۔اشرف آصف نے کہا کہ بڑے پیمانے پر دھاندلی کے باوجود الیکشن کمیشن خاموش ہے جبکہ نگران حکومت اس کو تحفظ فراہم کر رہی ہے۔ انتخابات کے تقدس کو برقرار رکھنے اور ملک کو آگے لے جانے کے لیے ضروری ہے کہ دھاندلی سے متعلق شکایات کا فی الفور ازالہ کیا جائے اور نگران حکومت خود اس میں پہل کرے۔ قبل ازیں امیدوار حلقہ این اے58ملک محمد افتخار نے موجودہ الیکشن کو جمہوریت کے ساتھ مذاق قرار دیا اور کہا کہ اسلامی فلاحی ریاست کی تعمیر کا سفر جاری رہے گا ۔انہوں نے کہا کہ عوام کی بڑی تعداد نے انتخابی نشان ترازو کو ووٹ دے کر اس کی بنیاد رکھ دی ہے ۔اس موقع پر محمد اشرف آصف نے الیکشن میں نمایاں کردار ادا کرنے پر سپورٹرز کا شکریہ ادا کیا۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.