یتیم اور مستحق طلباءکی تعلیمی کفالت کے لیے سالانہ فنڈ ریزنگ پروگرام /فیملی ڈنر کا اہتمام
چکوال(نامہ نگار)غزالی ایجوکیشن فاﺅنڈیشن کے زیر اہتمام یتیم اور مستحق طلباءکی تعلیمی کفالت کے لیے سالانہ فنڈ ریزنگ پروگرام /فیملی ڈنر کا اہتمام کیاگیا۔ مقامی میرج ہال میں منعقدہ فنڈ ریزنگ پروگرام میں معروف کاروباری ،سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی ایگزیکٹو ڈائریکٹر غزالی ایجوکیشن فاﺅنڈیشن سید عامر محمودتمغہ امتیاز اور ملک کے معروف شاعر پروفیسر طاہر شہیر تھے۔اس موقع پر فنڈ ریزنگ تقریب کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر غزالی ایجوکیشن فاﺅنڈیشن سیدعامر محمود کا کہنا تھا کہ پاکستان نائجیریا کے بعد دنیا کا دوسرا بڑا ملک ہے جس کے سب سے زیادہ بچے سکول نہیں جاتے۔سکولوں سے باہر رہنے والے تین کروڑ بچوں کے خاندانوں کا مستقبل جہالت اور انتہاءپسندی ہے۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ ہمارے ملک میں جو بچے اس وقت سکولوں میں جاتے ہیں ان کی حالت بھی بہتر نہیں۔ ملک میں سو فیصد شرح خواندگی کے لیے سکولوں سے باہر رہنے والے بچوں کو بھی تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لیے سکولوں کے اندر لانا ہوگا۔ تب ہی ملک میں حقیقی تبدیلی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔ اگرہم ملک و قوم سے محبت کرتے ہیں تو ہماری ضرورت اور ذمہ داری تعلیم دینا ہے ۔سید عامر محمود نے اس امر پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ ریاست اور سماج تعلیم کی فراہمی میں کوتاہی برت رہے ہیں۔ ہم سب کو تعلیم کے لیے علم کا سفیر بننا ہوگا۔ پاکستان کے مسائل کا حل بھی یہی ہے ۔سید عامر محمود نے بتایا کہ اچھی تعلیم اور اچھی تربیت کے لیے غزالی ایجوکیشن فاﺅنڈیشن فرنٹ لائن پر کام کر رہا ہے۔انہوںنے بتایا کہ حکومت کے پاس بچوں کو سکول لانے کے لیے کوئی پلان نہیں ۔یہ فریضہ غزالی ایجوکیشن فاﺅنڈیشن سرانجام دے رہا ہے۔سید عامر محمود نے پاکستان کے موجودہ حالات پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ملک کو جہاں تک لے کر آئے اس میں ہم سب ذمہ دار ہیں ۔کوئی بھی قوم جب ترقی کرتی ہے تو تعلیم کے ذریعے کرتی ہے ۔پاکستان بنے 75سال گزر گئے مگر آج تک تعلیم کے لیے خاطر خواہ کام نہیں ہو سکا۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر غزالی ایجوکیشن فاﺅنڈیشن نے بتایا کہ غزالی ایجوکیشن فاﺅنڈیشن یتیم اور نادار بچوں کی کفالت جذبہ کے ساتھ کر رہی ہے۔ چکوال میں 115یتیم بچے اور103سپیشل بچے موجود ہیں جن کی کفالت شروع کی گئی ہے۔ مخیرحضرات آگے آئیں اور ان مستحق بچوں کو معاشرے کا باعزت شہری بنانے کے لیے ہمارا ساتھ دیں۔قبل ازیں امیر جماعت اسلامی محمد اشرف آصف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علم انسانی شخصیت کے لیے ضروری ہے ۔علم صرف ترقی کا زینہ یا اچھی شخصیت کا نام نہیں بلکہ زندگی اور موت کا سوال ہے۔ غزالی ایجوکیشن فاﺅنڈیشن وہ عظیم ادارہ ہے جو لاکھوں یتیم اور بے سہارا بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کر رہا ہے۔ ملک میں دو لاکھ 60ہزار بچے ظالمانہ نظام کے سائے میں سسک رہے ہیں۔فنڈ ریزنگ تقریب سے سینئر ڈسٹرکٹ منیجر صداقت حسین گوندل نے بھی خطاب کیا اور غزالی ایجوکیشن فاﺅنڈیشن کی کارکردگی بارے شرکاءکو آگاہ کیا۔انہوںنے کہا کہ چکوال میں متعدد غزالی سکول یتیم ،بے سہارا اور مستحق بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے اپنا کردار ادا کر رہی ہے اور اس میں مخیر حضرات کا کردار اہم ہے۔مخیر حضرات کے خصوصی تعاون سے پسماندہ دیہاتوں کے ہزاروں طلباءکو تعلیم کے زیور سے آراستہ کر چکی ہے جو آج زندگی کے مختلف شعبوں میں پیشہ وارانہ امور سرانجام دے رہے ہیں۔تقریب میں پروگرام منیجر محمد عمران خلیل اور ڈائریکٹرغزالی ایجوکیشن فاﺅنڈیشن شمالی پنجاب محمد اسلم خان نے بھی شرکت کی ۔اس موقع پرمتعدد مخیر حضرات نے غزالی ایجوکیشن فاﺅنڈیشن کے یتیم اور مستحق طلباءکی تعلیمی کفالت اپنا ذمہ لینے کا اعلان کیا اور فنڈ ریزنگ میں اپنا حصہ ڈالا۔تقریب سے پروگرام منیجر محمد عمران خلیل اور پروگرام آفیسر محمد اشرف جاوید نے بھی خطاب کیا ۔غزالی سکول کے بچوں نے ٹیبلوز جبکہ غزالی ایجوکیشن کے سپیشل بچوں نے ترانہ اور ٹیبلو پیش کیا۔دیگر جن معروف شخصیات نے شرکت کی ان میں پرنسپل گورنمنٹ گریجویٹ کالج چکوال پروفیسر سخاوت حسین آزاد، معروف سماجی شخصیت ملک محمد اقبال ،سینئر ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ہائی سکول چکوال سید انوار شاہ، ریجنل ڈائریکٹر دی ارقم سکولزو صدر ایپسما چکوال چوہدری معین اکرم، صدر ایپسکا چکوال ملک محمد صفدر، صدر تاجر ایکشن کمیٹی چوہدری احمد خان، ڈائریکٹر حرا سکولز و صدر الخدمت فاﺅنڈیشن نعمان ظفر، رہنما جماعت اسلامی مولانامحمد رفیق، سید ذوالفقار حسین شاہ اور دیگر نے شرکت کی۔
کوئی تبصرے نہیں