آصف زرداری کل تلہ گنگ جلسے سے خطاب کریں گے


چکوال: نبیل انور ڈھکو

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کل تین بجے تلہ گنگ میں جلسے سے خطاب کریں گے۔ 


جلسہ گورنمنٹ ہائی سکول تلہ گنگ کے گراونڈ میں ہوگا اور جلسہ گاہ کو دو بجے بند کر دیا جائے گا۔ 


آصف زرداری کو تلہ گنگ لانے میں پیپلز پارٹی کے حلقہ این اے 59 کے امیدوار ملک حسن سردار کا اہم کردار ہے۔

ملک حسن سردار زمیندار ہونے کے ساتھ ساتھ ایک کاروباری شخصیت بھی ہیں جن کا کاروبار برطانیہ اور امریکہ میں ہے۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ کے بیٹے ملک حسن سردار کے بزنس پارٹنرز ہیں۔ تیس سالہ ملک حسن سردار پہلی دفعہ انتخابی سیاست میں حصہ لے رہے ہیں۔ 

پیپلز پارٹی نے این اے 59 کا ٹکٹ پہلے قاضی محمد الطاف کو اور پی پی 23 کا ٹکٹ خالدہ بلوچ کو دیا تھا۔ تاہم اچانک ان دونوں امیدواروں سے ٹکٹ لیکر حسن سردار اور عظمت حیات کو دے دیے گئے تھے۔ 

کل آصف زرداری چودہ سال کے بعد تلہ گنگ آئیں گے۔  آصف زرداری جب صدر پاکستان تھے تو اس وقت 21 جنوری 2010 کو تلہ گنگ آئے تھے اور گھبیر ڈیم جیسے بڑے منصوبے کی بنیاد رکھی تھی۔ گھبیر ڈیم کا مجوزہ منصوبہ نے چھیاسٹھ ہزار دو سوملین ایکڑ فٹ پانی زخیرہ کرنا تھا اور اس سے پندرہ ہزار ایکڑ اراضی سیراب ہونی تھی۔ یہ منصوبہ نوارب کی خطیر لاگت سے چار سال کی مدت 2014 میں مکمل ہونا تھا لیکن آج چودہ سال گزرنے کے باوجود یہ اہم منصوبہ ابھی تک مکمل نہیں ہو سکا۔ اس منصوبے کی تکمیل سے تلہ گنگ اور میانوالی کےعلاقے میں زرعی انقلاب آ سکتا ہے۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.