) یونین کونسل پادشاہان میں والی بال گروپوں کے درمیان سیز فائر
ڈھڈیال(نامہ نگار خصوصی) یونین کونسل پادشاہان میں والی بال گروپوں کے درمیان سیز فائر،سابق چیئرمین یونین کونسل پادشاہان چوہدری سرفراز خان نے ٹورنامنٹس منتظمین کے گروپوں کے درمیان صلح کرادی۔ مزکورہ یونین کونسل میں گزشتہ کئی ماہ سے والی بال ٹورنامنٹس کے ایشو پر مختلف دھڑوں میں محاذ آرائی میں روز بروز اضافہ ہورہا تھا اور یہ محاذ آرائی بین الاضلاعی سطح پر پھیل گئی تھی جس سے نوسر باز مافیا فائدہ اٹھا رہا تھا۔ بڑھتی کشیدگی کے باعث شائقینِ والی بال میں شدید تشویش کے ساتھ ساتھ معززین علاقہ بھی اس صورتحال پر سخت برہمی کا اظہار کر رہے تھے۔حالیہ محاذ آرائی میں اس وقت شدت آ گئی جب ان دھڑوں کی جانب سے 13، 14 اپریل کو یکے بعد دیگرے 4 والی بال ٹورنامنٹس کا اعلان کردیا گیا۔ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے خاتمے کیلئے سابق چیئرمین یونین کونسل پادشاہان چوہدری سرفراز خان نے خصوصی کاوش کی جو بارآور ثابت ہوئی اور فریقین کے درمیان گزشتہ روز صلح کرادی گئی۔والی بال کے کھیل سے دھڑے بندی سے بچانے کے لیے کچھ قوائد و ضوابط طے کردئیے گئے تاکہ آئندہ ایسی صورتحال پیدا نہ ہو اور عوام خصوصاً شائقینِ والی بال کو اچھی تفریح فراہم کرنے کا موقع مل سکے۔ عوامی حلقوں نے کشیدگی اور محاذ آرائی ختم کرانے پر چوہدری سرفراز خان کے کوششوں کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے ۔
کوئی تبصرے نہیں