متوازن خاندان کی ضرورت و اہمیت کو اجاگر کیا جائے،عاصم ارسلان
چکوال(نامہ نگار) ڈائریکٹر جنرل محکمہ بہبودِ آبادی پنجاب کے احکامات پر کمیونیکیشن پلان کے تحت ضلع بھر میں بہبودِ آبادی پروگرام کے بارے میں فلاحی مراکز کے توسط سے عوامی آگاہی کے لئے معلوماتی سیشنز کا انعقاد کیا جا رہا ہے جن کا مقصد متوازن خاندان کی ضرورت و اہمیت کو اجاگر کر کے ماں بچے کی بہتر صحت کی بدولت خوشحال و توانا خاندان کے اصول کو ترویج دینا ہے ۔ یہ بات ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر عاصم ارسلان نے ہفتہ بہبودِ آبادی کی تکمیل پر میونسپل کمیٹی ہال میں منعقدہ سیمینار کے آغاز پر گفتگو کرتے ہوئے بتائی ۔ سیمینار میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر آصف ارباب خان نیازی مہمان خصوصی تھے جبکہ ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر نے سیمینار کی صدارت کی ۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر ڈاکٹر غزالہ فضل ، ڈسٹرکٹ پروگرام منیجر فیملی پلاننگ ایسوسی ایشن آف پاکستان عقیل احمد ، تحصیل پاپولیشن ویلفیئر آفیسر راحیل بشیر سمیت ضلعی دفتر کے اہلکاران اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی شرکت کی ۔ سیمینار میں بتایا گیا کہ کمیونیکیشن پلان کے تحت گراس روٹ لیول تک بہبودِ آبادی پروگرام سے متعلق آگاہی جدید تکنیکی ذرائع کی مدد سے عام کی جا رہی ہے اور اس پلان میں عوامی آگاہی کے تمام مؤثر پہلوؤں کا احاطہ کیا گیا ہے اور موبلائزیشن سیشنز کی خاص بات یہ ہے کہ عوامی سہولت کے لئے ان کا انعقاد عوام کی دہلیز پر کیا جاتا ہے ۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر آصف ارباب خان نیازی نے کہا کہ ہفتہ بہبودِ آبادی کے اختتام پر سیمینار کا انعقاد ضلعی دفتر محکمہ بہبودِ آبادی کی انتظامیہ کی عمدہ کاوش ہے جس سے خوشحال و توانا خاندان کے رجحان بارے آگاہی کا پیغام تیز رفتاری سے گھر گھر پہنچ پائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ خوشحال و توانا خاندان کی ترویج کے ضمن میں ڈسٹرکٹ ٹیکنیکل کمیٹی کے فورم سے محکمہ بہبودِ آبادی کے ضلعی دفتر کو ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی ۔ سیمینار کے اختتام پر واک کا انعقاد بھی کیا گیا جس کا مقصد ہفتہ بہبودِ آبادی کو منانے کی غرض و غایت واضح کرنا تھا۔
کوئی تبصرے نہیں