شہداء اور غازیوں کی سر زمین چکوال قدرتی حُسن سے مالا مال ہے،قراۃ العین ملک



چکوال (نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک کے "خوشنما چکوال" وژن کے تحت ضلعی انتظامیہ کے بیوٹیفیکیشن پلان کا ایک اور شاہکار منصوبہ لاہور اسلام آباد موٹر وے کے نیلہ دلہہ انٹر چینج پر مکمل ہوگیا ہے اور اس سٹیٹ آف دی آرٹ بیوٹیفیکیشن سائیٹ کو ارض شہداء سے موسوم کیا گیا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر و ایڈمنسٹریٹر ضلع کونسل قراۃ العین ملک نے اس کا افتتاح اے ڈی سی آر خاور بشیر سمیت ضلعی انتظامیہ و ضلع کونسل کے افسران اور مقامی معززین کے ہمراہ کیا ۔ ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک نے افتتاح کے بعد اے ڈی سی آر و دیگر افسران کے ہمراہ بیوٹیفیکیشن ماڈلز کا معائنہ کیا اور چکوال کی ثقافت کی غمازی کرنے والے خوبصورت ماڈلز کے معیار اور مہارت کے ساتھ کی گئی تنصیب کے کام کو سراہا ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہداء اور غازیوں کی سر زمین چکوال قدرتی حُسن سے مالا مال ہے اور ضلعی انتظامیہ کے بیوٹیفیکیشن پلان کے ذریعے اس کرشماتی حسن کی عکاسی ضلعی انتظامیہ کے بیوٹیفیکیشن پلان کے ذریعے چکوال کے داخلی و خارجی راستوں پر کی گئی ہے جس کو مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ سیاحوں کی طرف سے بھی پذیرائی حاصل ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لاہور اسلام آباد موٹر وے پر قبل ازیں بلکسر انٹرچینج پر تزئین و آرائش اور باب چکوال کی تعمیر مکمل کی جا چکی ہے جس کے بعد مختصر عرصہ میں نیلہ دلہہ انٹر چینج کو خوبصورت بنانے کا عمل بھی مکمل کر لیا گیا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے اس منصوبہ سے علاقہ کا جمالیاتی حسن نکھر کر سامنے آیا ہے جس سے آنے جانے والے لوگوں کو خوشگواریت کا احساس ہوتا ہے اور چکوال کی پہچان میں مزید اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے سی او ضلع کونسل کو ہدایت کی کہ بیوٹیفکیشن سائیٹ کے ساتھ خوبصورت نشست گاہیں بلا تاخیر بنوائی جائیں تاکہ آنے جانے والے مسافروں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.