ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک کا ماڈل رمضان بازار کا اچانک معائنہ



چکوال (نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک نے ہفتہ کی سہ پہر ماڈل رمضان بازار کا اچانک معائنہ کر کے اشیائے ضروریہ کی دستیابی و کوالٹی اور نرخوں میں عوام کو مہیا کئے جانے والے ریلیف کا بطورِ خاص جائزہ لیا اور سٹالز پر خریداری کے لئے موجود صارفین سے بھی فیڈ بیک لیا ۔ اس موقع پر اے ڈی سی آر خاور بشیر اور اے سی چکوال سمیت ضلعی انتظامیہ اور مارکیٹ کمیٹی کے افسران بھی موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک نے ایگری کلچر فیئر پرائس شاپ اور دیگر سٹالز پر سبزیوں ، گوشت ، پھلوں ، پولٹری اور کریانہ آئٹمز سمیت تمام اشیائے ضروریہ کی دستیابی ، کوالٹی اور نرخوں کو بطورِ خاص چیک کیا ۔ انہوں نے ماڈل رمضان بازار میں خریداری کے لئے آئے ہوئے شہریوں سے اشیائے ضروریہ کے نرخوں اور معیار کے بارے میں دریافت کیا اور ان سے گفتگو کرتے ہوئے یقین دلایا کہ انہیں حکومت پنجاب کے ماڈل رمضان بازار پیکج کے حسب منشا ثمرات فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے ماڈل رمضان بازار میں بزرگ شہریوں، خواتین اور معذور افراد کے لئے علٰیحدہ سٹالز ، فرسٹ ایڈ ، ریسکیو 1122 اور شکایات رجسٹر کا بھی معائنہ کیا ۔ ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک نے ماڈل رمضان بازار کے انتظامی افسران و عملہ کو ہدایت کی کہ عوام کو بھر پور ریلیف کی فراہمی اور انتظامی اعتبار سے معیاری کارکردگی برقرار رکھی جائے اور شہریوں کی طرف سے کوئی شکایت موصول ہونے کی صورت میں فوری اور مؤثر ازالہ یقینی بنایا جائے۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.