کلرکہار: پرل سٹی سکول بوچھال کلاں میں تیراندازی کے انٹرنیشنل ٹرینر کی نگرانی میں تیر اندازی کی تین روزہ مشق و مقابلہ جات




کلرکہار(ڈھڈیال نیوز) پرل سٹی سکول بوچھال کلاں میں منعقدہ 3 روزہ "خاور شاہ میموریل تیراندازی ٹریننگ کیمپ " اختتام پذیر ہوگیا، جس میں پوزیشن ہولڈرز میں انعامات تقسیم کئے گئے، فائنل تقریب کے مہمان خصوصی کے صدر تحصیل پریس کلب کلرکہار محمد عثمان اعوان تھے جبکہ صدارت پروفیسر طٰحہٰ جلیل لکی نے کی، تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت محمد یحییٰ نے حاصل کی، جبکہ مکرم علی نے ہدیہ نعت پیش کیا، پرل سٹی سکول کے پرنسپل ملک خالد ضمیر نے خطبہ استقبالیہ میں آنے والے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے اسلام آباد سے آئے ہوئے انٹرنیشنل کوچ محمد اعجاز کی بچوں کی تربیت میں خصوصی دلچسپی ،مہارت اور بچوں کی ٹریننگ پر خصوصی شکریہ ادا کیا اور پاکستان میں تیراندازی کے فروغ میں ان کی خدمات کو سراہا، انہوں نے بتایا کہ محمد اعجاز فخر پاکستان مشہور اتھلیٹ عبدلخالق کےصاحبزادے ہیں اور پاکستان میں بلائنڈ آرچری کے بانی ہیں، اس موقع پر پاکستان میں آرچری کھیلوں کے فروغ میں خاور شاہ مرحوم کی کوششوں اور کاوشوں پر ان کو خراج تحسین پیش کیا گیا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ماسٹر ٹرینر محمد اعجاز نے طلباء و طالبات کے شوق اور دلچسپی پر خوشی کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ اگر بچوں کی تربیت میں دلچسپی کا یہ سلسلہ جاری رہا تو میں ایک سال میں ہی یہاں سے قومی کھلاڑی نکلتے ہوئے دیکھ رہا ہوں، ان کا کہنا تھا کہ چند بچوں میں قدرتی استعداد موجود ہے جن کو صرف مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے، ان کہ کہنا تھا کہ مجھے یہاں ٹریننگ کرا کر دلی خوشی ہوئی ہے اور پرل سٹی سکول کے لئے میری بلا معاوضہ خدمات ہمیشہ حاضر رہیں گی اور ٹریننگ کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ تقریب کے مہمان خصوصی ونہار میڈیا گروپ کے چیئرمین اور صدر تحصیل تحصیل پریس کلب کلرکہار محمد عثمان اعوان نے اپنے خطاب میں بوچھال کلاں میں آرچری کے آغاز پر پرل سٹی سکول انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی ان کا کہنا تھا کہ تیراندازی ہماری اسلامی اقدار کا ایک حصہ ہے اور جہاد اور جدوجہد کی علامت ہے اور ہمارے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا پسندیدہ کھیل تھا جس کی ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ترغیب دی، آج پرل سٹی سکول نے اپنے طلباء و طالبات کو اپنی اسلامی ثقافت اور میراث سے روشناس کرانے کی کوشش کی ہے، تقریب کے صدر پروفیسر طٰحہٰ جلیل لکی نے اپنے خطاب میں اسلام میں تیراندازی کی تاریخ اور موجودہ دور میں اہمیت پر مدلل گفتگو کی، ان کا کہنا تھا کہ آج یہاں اس تقریب میں شامل ہو کر روحانی خوشی ہوئی ہے، خصوصاً بچوں کو تیراندازی کی تربیت ان کی ذہنی اور جسمانی صلاحیتوں کو فروغ دے گی، تقریب سے سابقہ ایجوکیشن آفیسر چوہدری جاوید شاد نے اپنے تقریر میں خوبصورت اشعار سے پرل سٹی سکول انتظامیہ اور سٹاف کو زبردست خراج تحسین پیش کیا، تقریب میں ملک حفیظ ساگر، شاہد ملک اور احسن ملک نے خصوصی شرکت کی، اس موقع پر آنے والے معزز مہمانوں اور اساتذہ کے درمیان بھی تیراندازی کا مقابلہ کرایا گیا، طلباء وطالبات، مہمانوں اور اساتذہ کی بھرپور شرکت نے اس تقریب کو پررونق بنا دیا، آج طلباء و طالبات کے فائنل راؤنڈ مقابلے کروائے گئے، جن میں 8 طلباء اور 4 طالبات نے کامیابی حاصل کی، طلباء کے فائنل مقابلے میں پہلی پوزیشن حاشر ملک، دوسری پوزیشن حبیب اللہ اور تیسری پوزیشن محمد شارق نے حاصل کی، جبکہ طالبات میں پہلی پوزیشن عائشہ ریاض دوسری پوزیشن ایمان اسرا اور تیسری پوزیشن انشراہ داؤد نے حاصل کی، تقریب کے آخر میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات میں ٹریک سوٹ اور میڈل تقسیم کئے گئے،اس موقع پر طلباء و طالبات کا جوش اور جذبہ دیدنی تھا۔ تین روزہ کیمپ میں سلیکٹ ہونے والے طلباء و طالبات کو قومی مقابلوں کے لئے تربیت دی جائے گی، یاد رہے کہ پرل سٹی سکول میں دینی اور دنیاوی تعلیم کے ساتھ اخلاقی تربیت اور ، کھیلوں کی بہترین سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔ پرل سٹی سکول میں تعلیم کے ساتھ مختلف کھیلوں کا انعقاد اپنے طلباء وطالبات کو قومی مقابلوں میں شمولیت کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

رپورٹ: ونہار میڈیا گروپ کلرکہار

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.