کسی جگہ ڈینگی لاروا کی افزائش کا احتمال باقی نہ رہے،قراۃ العین ملک
چکوال(نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک نے ضلع چکوال و تلہ گنگ میں ڈینگی کنٹرول ایکشن پلان پر عملدرآمد کو پوری طرح مستحکم اور مربوط رکھنے کے لئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ، میونسپل اداروں اور دیگر سرکاری محکموں کے سربراہان کو ہدایات جاری کی ہیں کہ ڈینگی کے خلاف سرویلنس سسٹم کی کارکردگی کو حکومتِ پنجاب کے مقرر کردہ ڈینگی ایس او پیز کے ہم پلہ بنایا جائے تاکہ ضلع چکوال و تلہ گنگ میں کسی جگہ ڈینگی لاروا کی افزائش کا احتمال باقی نہ رہے ۔ انہوں نے یہ ہدایات ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی(ڈرک) کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں ۔ اس موقع پر سی ای او ہیلتھ نے ڈینگی کنٹرول ایکشن پلان پر عملدرآمد کے سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دی ۔ ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک نے تمام سرکاری محکموں کے ضلعی و تحصیل سطح کے افسران کو ہدایت کی کہ ڈینگی ہاٹ سپاٹس کے وزٹس باقاعدگی سے جاری رکھتے ہوئے سو فیصد ہاٹ سپاٹس کوریج کو یقینی بنایا جائے تاکہ ڈینگی لاروا کی افزائش کا باعث بننے والے عوامل کہیں بھی پیدا نہ ہونے پائیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی سرویلنس سسٹم کی عمدہ کارکردگی یقینی بنانے کے لئے ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس ٹیمیں کامل پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام سرکاری دفاتر میں مؤثر ہاؤس کیپنگ یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے تاکید کی کہ ڈینگی کنٹرول ایکشن پلان پر حسبِ منشاء عملدرآمد میں سول سوسائٹی کے تمام شعبوں کی بھر پور شرکت یقینی بنانے کے لئے عوامی آگاہی بھی عام کی جائے۔
کوئی تبصرے نہیں