بچوں کو مفت حفاظتی ٹیکے پہلی فرصت میں لگوائے جائیں، قراۃ العین ملک

 


چکوال(نامہ نگار) ورلڈ ایمونائزیشن ویک (عالمی ہفتہ حفاظتی ٹیکہ جات) کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر چکوال و تلہ گنگ قراۃ العین ملک نے بچوں کے والدین کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بچوں کو بیماریوں سے بچانے کے لئے مفت حفاظتی ٹیکے پہلی فرصت میں لگوائے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کا ویکسی نیشن سٹاف بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگانے پر مامور ہے ۔ اسی طرح حکومت پنجاب کے مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ کیئر پروگرام کے تحت بھی بچوں کو 12 موذی بیماریوں سے بچانے کے لئے حفاظتی ٹیکے لگانے کی مہم انٹیگریٹڈ آؤٹ ریچ ایکٹیویٹی ( آئی او اے) پہلے سے ہی جاری ہے جو 30 اپریل کو مکمل ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے والدین ان سہولیات سے بھر پور فائدہ اٹھائیں اور جن بچوں کو ابھی تک حفاظتی ٹیکے کسی وجہ سے نہیں لگ سکے ان کی حفاظتی ویکسی نیشن لازماً کروائیں ۔ اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ دو سال تک عمر کے بچوں جبکہ حاملہ خواتین کو بھی حفاظتی ٹیکے لگائے جا رہے ہیں ۔ ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک نے اس امر کو انتہائی خوش آئند قرار دیا کہ بچوں اور خواتین کو موذی امراض سے بچانے کے لئے حکومت پنجاب خاطر خواہ وسائل مہیا کر رہی ہے ۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے ویکسی نیشن ونگ کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ بچوں اور خواتین کو مختلف بیماریوں کے خلاف مکمل تحفظ فراہم کرنے کے لئے حفاظتی ٹیکوں کی مہم کی تکمیل مقررہ اہداف کے مطابق یقینی بنائی جائے۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.