کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجنیئر عامر خٹک کا دورہ چکوال

 


چکوال(نامہ نگار) کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجنیئر عامر خٹک نے دورہ چکوال کے موقع پر ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک اور سی ای او ہیلتھ کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز (ڈی ایچ کیو) ہسپتال کا دورہ کیا جس کے دوران انہوں نے ہسپتال میں ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضری، صفائی، ادویات کی دستیابی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی علاج معالجہ کی سہولیات کا مفصل جائزہ لیا ۔ اس موقع پر ہسپتال کے ایم ایس نے کمشنر راولپنڈی ڈویژن کو ہسپتال کے ہیلتھ کیئر سسٹم کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی ۔ کمشنر نے ہسپتال کے تفصیلی معائنہ کے دوران داخل مریضوں کی عیادت کی اور ان کو فراہم کی جانے والی علاج معالجہ کی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا ۔ کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجنیئر عامر خٹک نے ہسپتال انتظامیہ کو احکامات جاری کئے کہ ہیلتھ کیئر سسٹم کی فعال ترین کارکردگی ہمہ وقتی نگرانی کے تحت برقرار رکھی جائے اور صحت عامہ کے تحفظ کے لئے حکومت کے فراخدلانہ اقدامات کے کماحقہ ثمرات عوام کو فراہم کئے جائیں ۔ علاوہ ازیں کمشنر راولپنڈی ڈویژن نے ڈسٹرکٹ پبلک سکول ( ڈی پی ایس) میں قائم کئے گئے چکوال آٹزم سینٹر کا بھی دورہ کیا ۔ یاد رہے کہ آٹزم سپیکٹرم ڈس آرڈر کے حامل بچوں کے لئے یہ سینٹر حکومتِ پنجاب کے احکامات پر گزشتہ سال ضلعی انتظامیہ کے زیر نگرانی قائم کیا گیا تھا ۔ آٹزم سینٹر کے معائنہ کے موقع پر ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک نے کمشنر راولپنڈی ڈویژن کو مفصل بریفنگ دیتے ہوئے چکوال آٹزم سینٹر کی اہمیت اور اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا ۔ کمشنر راولپنڈی ڈویژن نے چکوال آٹزم سینٹر کے قیام کو حکومتِ پنجاب کا فلاحی اقدام قرار دیا اور کہا کہ اس کی بدولت آٹزم سپیکٹرم ڈس آرڈر والے بچوں کو مقامی سطح پر حصولِ تعلیم کی سہولت میسر آئی ہے ۔ کمشنر نے ڈی پی ایس کی پبلک لائبریری کا بھی معائنہ کیا جس کے دوران انہیں انتظامی امور اور لائبریری میں قارئین کی دلچسپی کے لئے رکھی گئی مختلف الموضوعاتی کتب کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.