ضلع چکوال و تلہ گنگ میں امن و امان کی خوشگوار فضا برقرار ہے،انتظامیہ

 


چکوال (نامہ نگار ) کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجنیئر عامر خٹک نے کہا ہے کہ امن عامہ اور ہم آہنگی و رواداری کی خوشگوار اور پائیدار فضا برقرار رکھنے میں ضلعی امن کمیٹی کا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے اور اس ضمن میں انتظامیہ و پولیس اور امن کمیٹی کے معزز اراکین کے مابین مستحکم روابط استوار رکھنا اہم ضرورت ہے ۔ انہوں یہ بات دورہ چکوال کے موقع پر ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں منعقدہ ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ اجلاس میں علمائے کرام و اکابرین سمیت ضلعی امن کمیٹی کے معزز اراکین نے شرکت کی اور اظہارِ خیال کرتے ہوئے اس امر کی یقین دہانی کرائی کہ ضلع کے عظیم تر مفاد میں امن کو مقدم رکھنے اور ہم آہنگی و رواداری کو فروغ دینے کا اہم ترین پیغام کامل سرایت پذیری کے ساتھ معاشرہ میں عام کرنے کے لئے ضلعی انتظامیہ و پولیس کو بھر پور تعاون فراہم کیا جائے گا ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک ، ڈی پی او کیپٹن ریٹائرڈ واحد محمود ،اے ڈی سی آر خاور بشیر اور ضلعی انتظامیہ کے دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجنیئر عامر خٹک کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے بتایا کہ ضلع چکوال و تلہ گنگ میں امن و امان کی خوشگوار فضا برقرار ہے اور اس ضمن میں ضلعی انتظامیہ و پولیس کو ضلعی امن کمیٹی کے عمائدین کا مکمل تعاون حاصل ہے ۔ کمشنر راولپنڈی ڈویژن نے ضلعی امن کمیٹی کے قابلِ تحسین کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ امن کمیٹی کا احسن کردار قابلِ تحسین ہے ۔ انہوں نے ضلعی امن کمیٹی کے معزز اراکین کو یقین دلایا کہ امن و امان اور بین المذاھب ہم آہنگی کی فضا کو مزید مستحکم بنانے کے سلسلہ میں ان کی مفید تجاویز سے مکمل استفادہ کیا جائے گا۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.