گورنمنٹ پرائمری سکول چک بازید میں سالانہ تقریب تقسیم انعامات

 






چکوال(ڈسڑکٹ رپورٹر  )دی سٹیزن فاﺅنڈیشن کے زیر اہتمام چلائے جانے والے گورنمنٹ پرائمری سکول چک بازید میں سالانہ تقریب تقسیم انعامات و امتحانی نتائج کا انعقاد کیاگیا۔ جس کے مہمان خصوصی ریجنل یونین آف جرنلسٹس شمالی پنجاب کے جنرل سیکرٹری عبدالغفورمنہاس تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر صحافی عبدالغفور منہاس نے کہا کہ کہ تعلیم کی فراہمی حکومت کے بنیادی فرائض میں شامل ہے تاہم بحیثیت قوم ہماری بھی یہی ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم قوم کے نونہالوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لیے اپنے اپنے حصے کا کردار اداکریں اور اس سلسلہ میں مخیر شخصیات کو آگے آنے کی ضرورت ہے جو پسماندہ علاقوں میں موجود پسماندہ تعلیمی اداروں کو درپیش بنیادی مسائل کا حل یقینی بنائیں۔ اس طرح پبلک و پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ذریعے شرح خواندگی کو حقیقی معنوں میں سو فیصد بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے گورنمنٹ پرائمری سکول چک بازید کو ضلع چکوال کا ایک ماڈل تعلیمی ادارہ قرار دیا اور پرنسپل و سٹاف کو خراج تحسین پیش کیا ۔ خطبہ استقبالیہ پرنسپل گورنمنٹ پرائمری سکول چک بازید میڈیم پروین فاروقی نے پیش کیا اور شرکاءکو بتایا کہ گورنمنٹ پرائمری سکول چک بازید دی سٹیزن فاﺅنڈیشن کے زیر اہتمام اپنی مدد آپ کے تحت چلایا جا رہا ہے اور اس وقت سکول میں سو سے زائد بچے زیرتعلیم ہیں اور یہ وہ بچے ہیں جن کے والدین معاشی حالات کی خرابی کے باعث ان کی تعلیم جاری نہیں رکھ سکتے۔ان بچوں کے تعلیمی اخراجات دی سٹیزن فاﺅنڈیشن برداشت کر رہی ہے۔ سکول میں گزشتہ چند سالوں میں لاکھوں روپے کے ترقیاتی کام کروائے گئے اور آج گورنمنٹ پرائمری سکول چک بازید ایک ماڈل تعلیمی ادارے کے طور پر ماڈل عمارت کے ساتھ سامنے آیاہے۔ سکول ہر سال سو فیصد تعلیمی نتائج پیش کرتاہے۔تقریب میں بچوں نے ٹیبلوز ،ملی نغمے اور دیگر پروگرام پیش کیے جنہیں حاضرین نے سراہا۔اس موقع پرنمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلباءو طالبات میں انعامات ،ٹافیاں اور سرٹیفکیٹ تقسیم کیے گئے جبکہ بہترین تعلیمی نتائج پر سکول اساتذہ کو بھی سرٹیفکیٹ دئیے گئے۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.