چوہدری سلطان شہر یار علی خان کا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال چکوال کا دورہ
چکوال( ڈسٹرکٹ رپورٹر)انچارج ایم پی اے سیکرٹریٹ اور مسلم لیگ ن کے رہنما چوہدری سلطان شہریار علی خان نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال چکوال کا دورہ کیا اور اوپی ڈی میں مختلف شعبوں کامعائنہ کیا۔اس موقع پر سابق چیئرمین میونسپل کمیٹی چوہدری سجاد احمد خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔چوہدری سلطان شہریارعلی خان نے نئے تعمیر ہونے والے او پی ڈی بلاک کا بھی معائنہ کیا ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ڈاکٹر انجم قدیر نے انچارج ایم پی اے سیکرٹریٹ کو بتایا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چکوال میں مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے تاہم ہسپتال کی اپ گریڈیشن کی ضرورت ہے۔ ہسپتال میںموجود اگر رہائشی بلاک یہاں سے کسی اور جگہ منتقل کیا جائے تو ہسپتال کی اپ گریڈیشن ممکن بنائی جا سکتی ہے۔ کیونکہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چکوال موٹروے کے قریب ترین وہ واحد ہسپتال ہے جس پر ضلع چکوال کے علاوہ گردونواح کے اضلاع اور خصوصاً موٹروے پر ہونے والے حادثات کے نتیجہ میں زخمی ہونے والے مریضوں کا بوجھ بھی اٹھاناپڑتاہے ۔اگر ہسپتال کواپ گریڈ کیا جائے تو طبی سہولیات مزید بہتر انداز میں فراہم کی جا سکتی ہیں۔ چوہدری سلطان شہریار نے یقین دہانی کرائی کہ وہ مذکورہ عوامی مسئلے کو حل کروانے کے لیے وزیراعلیٰ مریم نواز سے خصوصی طورپر بات کرینگے اور جتنی جلدی ممکن ہو سکا یہ مسئلہ حل کروائیں گے۔ سلطان شہریار علی خان نے اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت وزیراعلیٰ مریم نواز کی سربراہی میں عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری سلطان حیدر علی خان اپنے علاقہ کے مسائل کے حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب سے مسلسل رابطے میں ہیں اور حلقہ کے بنیادی مسائل مقدمہ کی صورت میں انہوں نے وزیراعلیٰ مریم نواز کو پیش کر دئیے ہیں۔جن پر جلد کام شروع ہوگا۔چوہدری سلطان شہریار علی خان نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ مریضوں کو مزید بہتر انداز میں صحت کی سہولیات کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کریں اور اس سلسلہ میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائےگی۔
کوئی تبصرے نہیں