عیدالفطر کے موقع پر ون ویلنگ پر مکمل پابندی ہوگی،قراۃ العین ملک
چکوال (نامہ نگار) ڈپٹی کمشنرچکوال قراۃ العین ملک نے کہا ہے کہ عیدالفطر کے پیشِ نظر ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144 کا فوری نفاذ کر کے ضلع چکوال و تلہ گنگ کی حدود میں واقع ڈیمز ، نالوں ، جھیلوں اور تالابوں سمیت تمام آبی ذخائر میں تیراکی ، غوطہ خوری ، نہانے اور کشتی رانی پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ عید الفطر کے ایام میں کلر کہار جھیل پر چیئر لفٹ بھی بند رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ پابندیوں کا سخت نفاذ یقینی بنانے کے لئے متعلقہ تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کڑی نگرانی کریں گے ۔ انہوں نے یہ بات عیدالفطر کے ضمن میں منعقدہ خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں اے ڈی سی آر خاور بشیر ، اسسٹنٹ کمشنرز ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ، ضلع کونسل ، میونسپل کمیٹیوں ، ریسکیو 1122 ، پولیس ، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔ اجلاس میں عید الفطر کے موقع پر ضلع چکوال و تلہ گنگ میں منعقد ہونے والے نماز عید کے اجتماعات کے لیے سیکیورٹی ، عید گاہوں سمیت سبزی و فروٹ منڈیوں اور شہری و دیہی علاقوں میں خصوصی صفائی اور دیگر انتظامی امور کی احسن تکمیل کے ضمن میں متعلقہ شعبوں کو تفصیلی گائیڈ لائن جاری کی گئی ۔ ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتظامات عید الفطر کے سلسلہ میں سو نپی گئی ذمہ داریوں کی تکمیل کے لیے متعلقہ شعبے عمدہ ترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں ۔ انہوں نے انتظامی افسران کو ہدایت کی کہ ایام عید الفطر کے دوران ڈیوٹی پر مامور سٹاف کی کارکردگی پر کڑی نظر رکھی جائے تاکہ کسی جگہ غفلت کا مظاہرہ نہ ہونے پائے۔ انہوں نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ عید کے موقع پر مارکیٹ میں سخت چیکنگ کی جائے تاکہ ضلع چکوال و تلہ گنگ میں کسی جگہ کوئی دکاندار اشیائے خوردونوش و ضروریہ کی مہنگے داموں فروخت نہ کرنے پائے ۔اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلعی انتظامیہ کے زیر نگرانی ضلع و تحصیل سطح پر کنٹرول رومز قائم کر دیے گئے ہیں جو ہمہ وقت بنیاد پر کام کریں گے اور ان میں ڈیوٹی سٹاف کی تعیناتی بھی کر دی گئی ہے ۔ اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ عیدالفطر کے موقع پر ون ویلنگ پر مکمل پابندی ہوگی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا جس کے لئے خصوصی چیکنگ اسکواڈز بنا دیئے گئے ہیں۔
کوئی تبصرے نہیں