ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک کا ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال کا دورہ
چکوال (نامہ نگار ) ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک نے گزشتہ رات ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال کا دورہ کر کے ایمرجنسی ہیلتھ کیئر سروسز و دیگر شعبوں کی کارکردگی ، ڈاکٹرز و طبی عملہ کی حاضری ، صفائی ، ادویات کی دستیابی اور دیگر انتظامی امور کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے موقع پر موجود سی ای او ہیلتھ اور ہسپتال کے ایم ایس کو احکامات جاری کئے کہ ہسپتال کے تمام شعبوں میں ہیلتھ کیئر سروس ڈلیوری کے عمدہ معیار پر خصوصی توجہ مرکوز رکھی جائے تاکہ اچھی کارکردگی کے اعتبار سے ہسپتال کو صوبائی سطح پر حاصل ہونے والے اعزاز کو برقرار رکھا جا سکے ۔ ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک نے ہسپتال ایمرجنسی کے تفصیلی معائنہ کے دوران وارڈز میں زیرِ علاج مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں آگاہی حاصل کی ۔ انہوں نے مریضوں کی عیادت کر کے ان سے علاج معالجہ کی سہولیات ، ڈاکٹرز و طبی عملہ کے رویہ اور ان کی دستیابی کے بارے میں دریافت کیا ۔ ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال ایمرجنسی اور دیگر وارڈز میں ہیلتھ کیئر سروس ڈلیوری پر اظہارِ اطمینان کرتے ہوئے ایم ایس کو اس امر کی تاکید کی کہ مریضوں کے معیاری علاج معالجہ کی سہولیات ہمہ وقتی مانیٹرنگ کے تحت برقرار رکھی جائیں ۔ قبل ازیں ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک نے شہداء پارک میں عید فیسٹیول کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر اے ڈی سی آر خاور بشیر ، اے ڈی سی جی بلال بن عبدالحفیظ ، اے سی ہیڈکوارٹرز بلال زبیر اور اے سی چکوال بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے عید فیسٹیول میں خواتین کی طرف سے لگائے گئے عید ورائٹی ، ملبوسات ،جیولری ، مہندی ، چوڑیوں اور فن گیمز سمیت دیگر سٹالز دیکھے اور خوبصورتی کے ساتھ سٹالز سجانے پر منتظمین خواتین کی محنت و کاوش کو سراہا #
کوئی تبصرے نہیں