اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت بنیادی ضرورت ہے،قراۃ العین ملک
چکوال (نامہ نگار ) ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں میں درس و تدریس کے عمل کو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت بنیادی ضرورت ہے تاکہ وہ طلباء و طالبات کو دور جدید کے تعلیمی رجحانات سے روشناس کرانے کا فریضہ کامل مہارت کے ساتھ پورا کر سکیں ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار چوآسیدن شاہ میں تین روزہ ٹیچرز ٹریننگ ورکشاپ کے افتتاحی سیشن سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ یاد رہے کہ اس ٹریننگ ورکشاپ میں سرکاری و نجی سکولوں سے مجموعی طور پر چالیس اساتذہ شریک ہیں ۔ اس موقع پر سی ای او ایجوکیشن ، اے سی چوآسیدن شاہ ، ڈپٹی ڈی ای او چوآسیدن شاہ اور اسسٹنٹ ایجوکیشن افسران بھی ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ تھے ۔ ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک نے ٹیچرز ٹریننگ ورکشاپ کے منتظمین کی عمدہ کاوش کو سراہا اور کہا کہ ٹریننگ کی تکمیل پر اساتذہ کے ٹیچنگ وژن کو مزید تقویت ملے گی اور وہ مکمل ذوق و شوق اور خود اعتمادی کے جذبہ سے متعلقہ سکولوں میں تدریسی خدمات سر انجام دے سکیں گے ۔ انہوں نے ٹریننگ ورکشاپ میں شریک اساتذہ سے کہا کہ تعلیمی افق پر طلباء و طالبات کو نئی جہتوں سے ہمکنار کریں تاکہ وہ اپنے تعلیمی کیریئر کی کامیاب تکمیل پر قومی تعمیر و ترقی کے مختلف شعبوں میں اپنا حقیقی کردار ادا کر سکیں ۔ قبل ازیں سی ای او ایجوکیشن اور اے سی چوآ سیدن شاہ نے بھی خطاب کیا ۔ انہوں نے ٹیچرز ٹریننگ ورکشاپ کے مشمولات اور اغراض و مقاصد پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔
کوئی تبصرے نہیں