میونسپل کمیٹی چکوال نے گندگی کوڑا کرکٹ وغیرہ جہلم روڈ پر پھینکنا شروع کر دیا
چکوال(نامہ نگار)میونسپل کمیٹی چکوال نے شہر سے اٹھائی جانے والی گندگی کوڑا کرکٹ وغیرہ جہلم روڈ پر پھینکنا شروع کر دیا، جس کی وجہ سے بدبو کے بھبھوکے اٹھنے کے ساتھ ساتھ تعفن پھیلنے لگا، گردونواح میں موجود 7تعلیمی اداروں کے سینکڑوں طلباءو طالبات اور مکینوں کی زندگی اجیرن بن کر رہ گئی۔ سکولوں کے طلباءو طالبات نے جہلم روڈ بلاک کرنے کی دھمکی دیدی۔ گزشتہ چند دنوں سے میونسپل کمیٹی چکوال کی کوڑا کرکٹ اٹھانے والی گاڑیاں ساری گندگی جہلم روڈ پر مین روڈ کے کنارے پھینک رہی ہیں۔ جس پر سات تعلیمی ادارے واقعہیں۔ جن میں ایک دینی مدرسہ اور سپیشل بچوں کے تعلیمی ادارے بھی شامل ہیں۔ ونگز کالج چکوال، ہاﺅس آف لرننگ فار سپیشل کڈز، بحریہ فاﺅنڈیشن منہاس آباد کیمپس، دی نالج سکول، فرات اکیڈمی چوآ چوک، جامعہ فیضان مدینہ اور مدرسہ ممتاز آباد گندگی اور تعفن کے لپیٹ میں ہیں۔ جبکہ گردونواح میں موجود دکانداروں نے بھی گندگی پھینکنے پر شدید احتجاج کیا ہے۔ دریں اثناءعلاقہ مکینوں کی طرف سے ڈپٹی کمشنر شکایات سیل پر شکایت بھی دچرج کروائی گئی مگر وہاں سے بھی کوئی کاروائی نہیں کی گئی۔ طلباءو طالبات کا تعلیمی اداروں میں بیٹھ کر پڑھنا مشکل ہو چکا ہے۔ علاقہ کے مکینوں اور طلباءو طالبات نے ڈپٹی کمشنر چکوال ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی اور چیف آفیسرمیونسپل کمیٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر گندگی کو کسی اور جگہ منتقل کریں ورنہ وہ چکوال جہلم روڈ بند کرنے پر مجبور ہونگے۔
کوئی تبصرے نہیں