اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات عوام تک نہیں پہنچ سکے

 


چکوال(نامہ نگار)حکومت پنجاب کی طرف سے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات عوام تک نہیں پہنچ سکے اور ناجائز منافع خورمافیا عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف ہے۔جبکہ ڈپٹی کمشنر اور ضلعی انتظامیہ عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہو چکے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی صرف سستی روٹی کے گرد گھوم رہی ہے اور تمام تر توانائیاں سستی روٹی پر صرف کی جا رہی ہیں۔دیگر بڑے مسائل اور ناجائز منافع خورمافیا ضلعی انتظامیہ کی نظروں سے اوجھل ہے۔ شہر اور گردونواح میں انتظامی افسران اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کی کارکردگی بالکل زیرو ہے ۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے روٹی کی قیمت بیس روپے کی بجائے 16روپے کی ہے جس پر عملدرآمد کے لیے ضلعی انتظامیہ کے افسران دن رات ایک کیے ہوئے ہیں مگر انہیں ناجائز منافع خور مافیا اور دیگر مہنگی چیزیں نظر نہیں آتیں یا پھر انہوں نے کبوتر کی طرح آنکھیں بند کی ہوئی ہیں۔روٹی سستی کرنے کے لیے تندور مالکان کے گرد تو گھیرا تنگ کیا گیا مگر ہوٹل مالکان کو پوچھا تک نہیں جا رہا۔ہوٹل مالکان نے روٹی کی قیمت تو چار روپے کم کر دی مگر سالن کے ساتھ بیس سے تیس روپے بڑھا دئیے ہیں۔انتظامی افسران سب کچھ جاننے کے باوجود ہوٹل مالکان کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کر رہے۔ حالانکہ آٹا ،گھی اور دیگر اشیائے خوردونوش میں بڑے پیمانے پر تبدیلی آئی ہے۔ چکن بھی نصف قیمت پر آ چکا ہے مگر ہوٹل مالکان اور ناجائزمنافع خور مافیا پورے زور سے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف ہے۔ پہلوان مرغ پلاﺅ اور دیگر شہر کے بڑے ریسٹورنٹ اور ہوٹلوں کا یہی حال ہے۔دو چار روپے گھی آٹا مہنگا ہوتے ہی پچاس سے سو روپے تک کی چیز مہنگی کی جاتی ہے مگر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کے وقت انتظامیہ دیگر اشیاءکی قیمتوں میں کمی کرانا بھول جاتی ہے۔ ناجائز منافع خور مافیا میں زیادہ تر تعداد ان ریسٹورنٹ یا ہوٹل مالکان ، آٹا اور گھی فروخت کرنے والے تاجروں کی ہے جو ہر ضلعی افسر کے تعینات ہونے پر بڑے بڑے پھولوں کے گلدستے اورتحائف لے کر پہنچ جاتے ہیں اور پھر ان کے خلاف انتظامیہ یا انتظامی افسران کوئی کاروائی نہیں کرتے۔چکوال شہر کے تمام ہوٹلوں پر روٹی کی قیمت کم کی گئی اور سالن مہنگا کیاگیا ،حتیٰ کہ ویگن اڈہ پر چپل کباب ہوٹل کے مالک نے بھی روٹی چار روپے سستی کر کے چھوٹے کباب کا ریٹ بیس روپے بڑھا کر ستر روپے کر دیا ہے۔انتظامیہ کے کسی افسر نے بھی پوچھنے کی جرا¿ت نہیں کی جس پر چکوال کی عوام نے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور ڈپٹی کمشنر چکوال سے فوری طور پر مطالبہ کیا ہے کہ وہ پہلوان مرغ پلاﺅ،پاکیزہ ہوٹل سبزی منڈی، پاکیزہ ہوٹل بھون روڈ، مدینہ ہوٹل چھپڑ بازار، کراچی بریانی سمیت تمام ہوٹلوں کے خلاف آپریشن کیا جائے اور انہیں پابند بنایا جائے کہ وہ کھانے پینے کی چیزوں کی قیمتوں میں کمی لائیں کیونکہ مذکورہ بڑے ہوٹل مالکان کی دیکھا دیکھی چھوٹے ٹھیہ ہوٹلوں ،ریڑھی ہوٹلوں پر بھی ہوشربا اضافہ کیا گیا ہے۔ بڑے ہوٹلوں کے ریٹ کم کیے گئے تو چھوٹے ٹھیوں پر کھانے پینے کی اشیاءکے ریٹ خودبخود ڈاﺅن ہو جائیں گے۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.