ہیلپنگ ہینڈ چکوال کی کاوشوں کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔ میڈیم اقصیٰ


 ہیلپنگ ہینڈ چکوال میں رجسٹرڈ منفرد صلاحیتوں کے حامل بچوں اور انکے والدین کی بہتری کے لیے کوشاں ہے۔ محمد ندیم ایریا منیجر

چکوال ( نامہ نگار) ہیلپنگ ہینڈ فار ریلیف اینڈ ڈیولپمنٹ چکوال کی جانب سے نجی فیملی پارک میں عید ملن پارٹی کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں ہیلپنگ ہینڈ چکوال کے رجسٹرڈ منفرد صلاحیتوں کے حامل بچوں اور انکے والدین کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ بچے پارک میں لگے جھولے جھول کر خوب لطف اندوز ہوئے۔ تقریب کا مقصد منفرد صلاحیتوں کے حامل بچوں کو بھی وہی ماحول مہیا کرنا تھا جو کہ عام لوگوں کو انکے بچوں کے لیے فراہم کیا جاتا ہے۔ تقریب کی مہمانِ خصوصی گورنمنٹ سپیشل ایجوکیشن سنٹر برائے متاثرہ سماعت چکوال سے میڈیم نوشین اور میڈیم اقصیٰ تھیں۔   میڈیم اقصیٰ کا تقریب کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ ہمارے معاشرہ کا ایک تاریک پہلو ہے کہ ہم ایسے بچے جن میں کسی اعتبار سے کوئی کمی ہو تو انکو اچھوت سمجھتے ہیں حالانکہ یہ منفرد صلاحیتوں کے حامل بچے کسی طرح بھی باقی بچوں سے مختلف نہیں ہیں۔ ہم سب کی یہ ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے اردگرد موجود ایسے بچوں کی ہر ممکن خود بھی دیکھ بھال کریں اور انکے والدین اور عزیز و اقارب کو بھی یہ بات سمجھائیں کہ وہ ایسے کسی بھی بچے کو کم نہ سمجھیں۔ چکوال میں منفرد صلاحیتوں کے حامل بچوں کی بحالی اور انکو معاشرے کا اچھا شہری بنانے کے لیے ہیلپنگ ہینڈ چکوال اور انکی ٹیم کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔ سکول کی تعلیم کے ساتھ ساتھ جب ان بچوں کو اپنے شہر میں ہی ایک بین الاقوامی معیار کی بحالی سے متعلقہ سہولیات مفت مل رہی ہیں تو ان بچوں کی صلاحتیوں میں مزید نکھار آئے گا۔ محمد ندیم ایریا منیجر ہیلپنگ ہینڈ شمالی پنجاب نے بھی تقریب میں شرکت کی انکا گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ  ہیلپنگ ہینڈ نے بہت سے منفرد صلاحیتوں کے حامل بچوں اور انکے والدین کا ہاتھ تھام رکھا ہے اور  ہیلپنگ ہینڈ چکوال کے بحالی مرکز میں روزانہ کی بنیاد پر بہت سے بچے آتے ہیں جن کو انکی ضرورت کے مطابق مختلف تھراپی کروائی جاتی ہیں اور ان پر کوئی بھاری فیسوں کا بوجھ بھی نہیں ڈالا جاتا ہے۔ بلکہ اپنے رجسٹرڈ منفرد صلاحیتوں کے حامل بچوں کو تمام سہولیات بالکل مفت فراہم کی جاتی ہیں۔ ہیلپنگ ہینڈ چکوال منفرد صلاحیتوں کے حامل بچوں اور انکے والدین کی بہتری کے لیے کوشاں ہے۔ بچوں کو نہ صرف مختلف تھراپی کروائی جاتی ہیں بلکہ انکی تعلیمی سرگرمیوں میں بھی انکی معاونت کی جاتی ہے اور انہیں معاشرے کا کار آمد شہری بنانے کے لیے ہنر بھی سکھائے جاتے ہیں جن سے وہ آگے چل کر اپنے گھر والوں کے لیے کسی قسم کا بوجھ نہ بنیں۔

ہیلپنگ ہینڈ چکوال کے منفرد صلاحیتوں کے حامل بچوں کے پروگرام آفیسر سید عیاض الرحمن شاہ کا گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہیلپنگ ہینڈ کے تمام پروگرامز اپنے ساتھ جڑے منفرد صلاحیتوں کے حامل بچوں کو بہتر سے بہترین کی جانب لے جانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہے ہیں۔ منفرد صلاحیتوں کے حامل یہ بچے ہمارے معاشرے کا حصہ ہیں اور انکی بہتر نگہداشت کر کے اور انکی بحالی پر توجہ دینا ہم سبھی کی ذمہ داری ہے۔ کوئی شک نہیں کہ ہم نصابی سرگرمیاں ہوں یا پھر تعلیمی سرگرمیاں یہ منفرد صلاحیتوں کے حامل بچے عام بچوں سے کسی طور پیچھے نہیں ہیں۔ ہمارے یہ والدین اور ان بچوں کے اساتذہ تعریف کے مستحق ہیں جو ان بچوں کی تعلیم و تربیت اور بہتر نگہداشت میں کوئی دقیقہ فروگزاشت اٹھا نہیں رکھتے ہیں۔ تقریب میں ہیلپنگ ہینڈ چکوال کے بحالی مرکز کے سنٹر منیجر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ بخاری، اسسٹنٹ سنٹر منیجر ڈاکٹر فرہاد، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر شہزاد احمد، سکل ڈویلپمنٹ سنٹر کی پرنسپل میڈیم ہاجرہ، ریجنل لائیولی ہوڈ آفیسر فہد محمود، سینئر سائیکالوجسٹ ڈاکٹر کنول نے بھی شرکت کی۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.