بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں،پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2024ء کے مسودہ کی تجاویز سامنے آگئیں


20 ہزار سے کم آبادی میں یونین کونسل،15 سے 50 ہزار نفوس کی آبادی میں ٹاؤن کمیٹی جبکہ 50 ہزار سے 2 لاکھ تک کی آبادی میں میونسپل کمیٹی بنانے کی تجاویز


شہری و دیہی علاقوں کو تقسیم کرنے اور بلدیاتی اداروں کی معیاد چار سال مقرر کرنے کی تجویز،لوکل گورنمنٹ ایڈمنسٹریٹرز کا گزٹ نوٹیفکیشن بھی جاری


چکوال (عبدالغفار پارس) پنجاب میں نئے لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2024ء کی تیاری کے سلسلہ میں اہم پیشرفت،مسودہ کو حتمی شکل دینے کیلئے ممبرانِ اسمبلی اور اراکینِ کمیٹی جانب سے دی جانے والی تجاویز سامنے آگئیں،شہری اور دیہی (اربن/رولرز) علاقوں کو مکمل تقسیم کرنے اور ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں میٹرو پولیٹن کارپوریشن بنانے کی تجویز دیدی گئی،بلدیاتی ایکٹ 2024ء کے مسودے کے مطابق نئی بلدیاتی حلقہ بندیاں نئی مردم شماری کے تحت کی جائیں گی،20 ہزار سے کم آبادی میں یونین کونسل قائم ہوگی جبکہ 7 لاکھ سے زائد آبادی والے علاقوں میں میٹرو پولیٹن کارپوریشن بنانے کی بھی تجویز ہے،15 سے 50 ہزار تک کی آبادی میں ٹاؤن کمیٹی،50 ہزار سے 2 لاکھ آبادی میں میونسپل کمیٹی جبکہ 2 سے 5 لاکھ تک کی آبادی میں میونسپل کارپوریشن بنانے کی تجاویز پیش کی گئی ہیں،تجاویز میں کہا گیا ہے کہ جتنا چھوٹا لوکل گورنمنٹ ایکٹ کا حجم ہوگا اتنے ہی زیادہ اختیارات نچلی سطح تک منتقل ہونگے،نئے بلدیاتی ایکٹ کو جامع اور سابقہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ سے مختلف بنانے کی بھی تجاویز دی گئی ہیں جن میں بلدیاتی اداروں کی معیاد چار سال مقرر کرنے کی تجویز بھی شامل ہے جبکہ صوبائی حکومت نے پنجاب بھر میں لوکل گورنمنٹ ایڈمنسٹریٹرز کی تعیناتی کا گزٹ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے جس کے تحت ڈسٹرکٹ کونسل کے ایڈمنسٹریٹر کی ذمہ داری ڈپٹی کمشنر،میونسپل کارپوریشن کے ایڈمنسٹریٹر ADCG،میونسپل کمیٹی کے ایڈمنسٹریٹر اسسٹنٹ کمشنر جبکہ یونین کونسل کے ایڈمنسٹریٹر کی ذمہ داری اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کے سپرد کردی گئی ہے۔


..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.