ڈی ڈی ایم اے/ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کا اجلاس

 


چکوال(نامہ نگار ) ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک کے زیرِ صدارت ڈی ڈی ایم اے/ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں محرم الحرام کے سلسلہ میں سیکیورٹی و دیگر متعلقہ انتظامی امورکے انتظامات کے بارے میں گائیڈ لائن وضع کی گئی۔ اس موقع پر ڈی پی او کیپٹن (ر) واحد محمود بھی موجود تھے۔ اجلاس میں اے ڈی سی جی بلال بن عبدالحفیظ،، اسسٹنٹ کمشنرز، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹرآصف ارباب خان نیازی،ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122، پولیس، میونسپل اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کے معاون محکموں اور اداروں کے افسران نے اپنے دائرہ کار کے انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے سلسلہ میں احسن اور مربوط انتظامات یقینی بنانا سرکاری محکموں کی اہم انتظامی ذمہ داری ہے جس کی تکمیل کے لئے متعلقہ دائرہ کار کے انتظامات کی عملداری کڑی نگرانی کے تحت برقرار رکھی جائے۔ انہوں نے ضلع میں محرم روٹس پر صفائی اور سٹریٹ لائیٹس سمیت عمدہ میونسپل سروسز کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے میونسپل کمیٹیوں کی انتظامیہ کو تفصیلی احکامات جاری کئے۔ ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے پولیس سیکیورٹی، ریسکیو۔1122 اور محکمہ صحت کے باہمی اشتراک و تعاون سے ایمرجنسی پلان کی ترجیحات پر احسن عملدرآمد کی بھی تاکید کی۔ انہوں نے محرم الحرام کے دوران مؤثر و مربوط انتظامات پر حسب منشاء عملدرآمد برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کے جملہ معاون محکموں کے افسران، اسسٹنٹ کمشنرز اور پولیس آپس میں قریبی رابطہ رکھیں تاکہ ایام محرم میں کسی مرحلہ پر دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو بھی ہدایات جاری کیں کہ متعلقہ تحصیلوں میں محرم الحرام کے جلوسوں کے لئے مقررہ روٹس کی انسپکشن کر کے روٹس کی بہتری و صفائی اور دیگر انتظامی امور کا خود جائزہ لیں اور انتظامات پر کڑی نظر رکھی جائے۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.