فم کسر کے قریب پولیس وین پر فائرنگ،ملزم زخمی، پولیس اہلکار محفوظ رہے

 


ڈھڈیال(نامہ نگار خصوصی) تھانہ ڈھڈیال کی حدود میں فم کسر کے قریب پولیس وین پر فائرنگ،ملزم زخمی، پولیس اہلکار محفوظ رہے۔چکوال پولیس کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق تھانہ ڈھڈیال پولیس خطرناک ملزم زاہد اقبال سکنہ سرال جو اقدام قتل کے کیس میں نامزد ملزم تھا کو بعد از برآمدگی پسٹل 30 بور اسکے گھر سے واپس لیکر تھانہ جارہے تھے کہ دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ملزم کو چھڑوانے کے لیے پولیس وین پر فائرنگ شروع کر دی۔زیر حراست ملزم زاہد اقبال اپنے ساتھیوں کی اندھا دھند فائرنگ سے زخمی ہو گیا اس دوران پولیس پارٹی نے مناسب حکمت عملی سے اپنی جانیں بچائیں اور جوابی ہوائی فائرنگ بھی کی، نامعلوم موٹر سائیکل سوار فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے۔زخمی ملزم کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس پی انوسٹی گیشن چکوال، ایس ڈی پی او صدر سرکل، ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز، ایس ایچ او تھانہ ڈھڈیال، ایس ایچ او تھانہ صدر چکوال، ایس ایچ او تھانہ سٹی چکوال، ایلیٹ فورس اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی علاقہ کا گھیراؤ کر لیا گیا لیکن ملزمان کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔علاوہ ازیں پولیس وین پر مبینہ فائرنگ کے واقعے پر شکوک وشبہات کا اظہار کیا جارہا ہے ۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر نامعلوم ملزمان کی جانب سے فائرنگ کی جاتی تو پولیس اہلکاروں کی جانیں بھی ضائع ہوتی لیکن حیرت ہے کہ اندھا دھند فائرنگ کے دوران گولی صرف ملزم کو ہی لگی۔جسے کسی طور بھی تسلیم نہیں کیا جا سکتا۔


..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.