یونیورسٹی آف چکوال میں انٹر میڈیٹ کی کلاسز کے دوبارہ اجراء کا فیصلہ

 


چکوال( خصوصی رپورٹ) یونیورسٹی آف چکوال میں انٹر میڈیٹ کی کلاسز کے دوبارہ اجراء کا فیصلہ،یونیورسٹی کے زیر انتظام انٹر میڈیٹ کالج میں ایم فل اور پی ایچ ڈی اساتذہ پڑھائیں گے،یونیورسٹی آف چکوال کے زیر انتظام انٹر میڈیٹ کالج میں فیس عام سرکاری کالج کی فیس کے برابر ہوگی،یونیورسٹی آف چکوال کی سینڈیکیٹ نے اپنے پہلے منعقدہ اجلاس 2020 میں یہ فیصلہ کیا تھا کہ یونیورسٹی اپنا ایک ماڈل کالج بنائے گی۔جس میں ٹاپ میرٹ طلباء کو داخلہ دیا جائے گا۔یاد رہے اس اجلاس کی صدارت راجہ یاسر سرفراز نے کی تھی۔اسی میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ انٹر میڈیٹ کی فیس گورنمنٹ کے باقی کالجز کے برابر ہوگی۔

تاہم پنوال کالج میں اساتذہ کی بڑی تعداد میں موجودگی کی وجہ سے محکمہ ہائر ایجوکیشن نے سال 2022 میں یونیورسٹی کے زیر انتظام کالج میں انٹر میڈیٹ کے مزید داخلوں پر پابندی لگا دی تھی۔لاہور میں منعقدہ حالیہ ایک میٹنگ جسکی صدارت سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے کی۔جس میں یونیورسٹی انتظامیہ کی تجویز پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ طلباء کے وسیع تر مفاد کے پیش نظر یونیورسٹی آف چکوال میں انٹر میڈیٹ کی کلاسز کا دوبارہ اجراء کیا جائے تا کہ طلباء کو انٹر میڈیٹ کی کلاسز میں داخلے کی سہولت شہر کے اندر مہیا کی جاسکے۔یقیناً اس حوالے سے طلباء کو ایک بہترین ماحول میں پڑھنے کا موقع ملے گا اور سرکاری فیس میں معیاری تعلیم مہیا کی جائے گی۔یقیناً اس کامیابی کا سہرا بانی وائس چانسلر ڈاکٹر محمد بلال خان یونیورسٹی آف چکوال اور یونیورسٹی کی پوری انتظامیہ کو جاتا ہے جنکی کوششوں اور کاوشوں سے علاقہ کے مستحق طلباء کو یہ سہولت دوبارہ میسر آسکی۔

یاد رھے کہ اس میٹنگ میں ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری سلطان حیدر علی خان بھی موجود تھے جنہوں نے یونیورسٹی کی اس تجویز کو ناصرف سراہا بلکہ انٹر میڈیٹ کلاسز کے فوری اجراء کی ضرورت پر زور بھی دیا۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.