پولیس حراست سے مفرور سنگین جرائم میں ملوث بوچھال کلاں کا اشتہاری ملزم گرفتار۔۔۔!

 


ملزم عاطف الحسن 9C کے مقدمے میں کچہری پیشی کے بعد جیل روانگی کے دوران پولیس حراست سے فرار ہو گیا تھا، اس واقعے میں ملوث پولیس عملے کے خلاف بھی قانونی کاروائی عمل میں لائی گئی تھی۔


چکوال (کرائم رپورٹر سے) چکوال پولیس نے سنگین جرائم میں ملوث ریکارڈ یافتہ ملزم عاطف الحسن ولد مختار حسین سکنہ بوچھال کلاں کو گرفتار کرلیا۔ ملزم سنگین جرائم جیسے قتل، بھتہ خوری، منشیات فروشی اور ناجائز اسلحہ رکھنے میں ملوث تھا اور چکوال پولیس کو انتہائی مطلوب تھا۔ ملزم میانی اڈا پر دکانداروں سے زبردستی بھتہ وصول کرتا تھا پولیس ذرائع کے مطابق ملزم پر قتل کے دو الزامات بھی ہیں، ملزم کے خلاف تھانہ کلرکہار، تھانہ سٹی چکوال اور تھانہ صدر چکوال میں مختلف مقدمات درج ہیں۔ تھانہ کلرکہار میں 9C کے مقدمے میں نامزد ملزم کے قبضے سے 5 کلو چرس برآمد کی گئی، اس مقدمے میں گرفتار ملزم کو علاقہ مجسٹریٹ کو پیش کرنے کے بعد جب جیل لے جایا جارہا تھا تو پولیس عملے کی ملی بھگت سے ملزم تلہ گنگ روڈ پر پولیس وین سے فرار ہو گیا تھا جس پر ملزم سمیت واقعے میں ملوث پولیس عملے کے خلاف تھانہ سٹی میں ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا تھا۔ فرار ہونے کے بعد ملزم گزشتہ دو سالوں سے روپوش تھا تاہم ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چکوال احمد محی الدین کی تعیناتی کے بعد گزشتہ روز سنگین جرائم میں ملوث اشتہاری ملزم کو چکوال پولیس نے دوبارہ گرفتار کرلیا۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.