ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چکوال کی کھلی کچہریوں سے عوام کو مایوسی، ریلیف نہ ملنے پر لوگوں کی دلچسپی کم ہونا شروع ہوگئی
ڈھڈیال(نامہ نگار خصوصی) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چکوال کی کھلی کچہریوں سے عوام کو مایوسی، ریلیف نہ ملنے پر لوگوں کی دلچسپی کم ہونا شروع ہوگئی۔ ضلع چکوال کے ڈی پی او کی حیثیت سے چارج سنبھالنے کے بعد عوام نے پہلے تو منعقدہ کھلی کچہریوں میں کسی نہ کسی طریقے سے اپنی حاضری دکھائی لیکن جلد ہی لوگوں کو احساس ہوگیا کہ انہیں ان کھلی کچہریوں سے خاطر خواہ ریلیف مل رہا ہے اور نہ ہی ان کی شکایات کا ازالہ ہو رہا ہے۔ اسی صورتحال کے باعث جمعہ کو گورنمنٹ پرائمری سکول بھبھڑ میں منعقدہ کھلی کچہری میں لوگوں کی دلچسپی اور حاضری انتہائی مایوس کن رہی جس میں صرف 27 افراد موجود تھے اور ان میں سے صرف تین سائلین تھے ایک درخواست تھانہ صدر کے متعلقہ، ایک زمین اور ایک بکریوں کی چوری کے متعلق تھی۔ تاہم اس موقع پر ڈی پی او چکوال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اچھی بات ہے کہ کھلی کچہری میں زیادہ سائلین نہیں۔ اس سے ثابت ہوگیا ہے کہ کہ لوگوں کی شکایات کم ہوگئی ہیں جبکہ عوام کا کہنا ہے کہ ضلع میں گزشتہ کئی ہفتوں سے چوری کی وارداتوں کا سلسلہ جاری ہے اور پولیس ابھی تک چوروں کے کسی بھی گروہ کو گرفتار کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی جس سے عوام میں شدید عدم تحفظ کا احساس پایا جارہا ہے۔ علاوہ ازیں کھلی کچہریوں میں دئیے گئے احکامات پر بھی عملدرآمد نہیں ہوتا اور انہیں روایتی طریقے سے تھانوں میں ذلیل وخوار کیا جاتا ہے۔ اسی وجہ سے عوام کا ان کھلی کچہریوں سے اعتماد ختم ہوگیا ہے۔

کوئی تبصرے نہیں