انسداد پولیو مہم کے تحت ضلع چکوال و تلہ گنگ میں ویکسی نیشن راؤنڈ کے لئے انتظامات مکمل کر لئے گئے

 


چکوال (نامہ نگار) انسداد پولیو مہم کے تحت ضلع چکوال و تلہ گنگ میں ویکسی نیشن راؤنڈ کے لئے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں ۔ یہ مہم 26 مئی تا 30 مئی 2025 تک جاری رہے گی- انسداد پولیو مہم کے دوران 1816 پولیو ٹیمیں پانچ سال تک کی عمر کے 2 لاکھ 57 ہزار 229 بچوں کو پولیو کے خلاف حفاظتی ویکسین کے قطرے پلائیں گی۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر سارہ حیات کے زیر صدارت منعقدہ ضلعی انسدادِ پولیو کمیٹی کے اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کی جانب سے سی او ہیلتھ ڈاکٹر سعید اختر کی طرف سے دی گئی بریفنگ میں بتائی گئی ۔ بریفنگ میں ڈپٹی کمشنر کو ویکسی نیشن ٹیموں اور سپروائزری افسران کی تعیناتی و تربیت، ویکسین سٹاک اور دیگر متعلقہ امور کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا ۔ ڈپٹی کمشنر نے مذکورہ پانچ روزہ پولیو مہم کے لئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کو ہدایت کی کہ ویکسی نیشن پلان کے تحت مقررہ اہداف کے مطابق بچوں کی حفاظتی ویکسی نیشن کی تکمیل یقینی بنائی جائے۔ ڈپٹی کمشنر سارہ حیات نے کہا کہ پولیو کے خاتمہ کے لئے والدین پولیو ٹیموں سے تعاون کریں اور پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچے کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو ویکسین کے دو قطرے عمر بھر کی معذوری سے بچانے کے لئے بے حد ضروری ہیں۔انہوں نے محکمہ صحت کے حکام کو ہدایت جاری کیں کہ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کیلئے نتیجہ خیز اقدامات کریں اور پولیو ٹیموں کی مانیٹرنگ کی جائے۔ اور پولیو مہم میں اچھی کارکردگی کے حامل ٹیموں کو تعریفی سرٹیفکیٹ بھی دیئے جائیں۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.