امریکی ریاست نیو جرسی میں مقیم پاکستانی ڈاکٹرز کا موہڑہ شریف اور گردونواح کے لوگوں کے ایمبولینس کا تحفہ
امریکی ریاست نیو جرسی میں مقیم پاکستانی ڈاکٹرز کی تنظیم *APPNA New Jersey* نے ضلع چکوال کے دیہی علاقوں میں صحت کی سہولیات کی بہتری کے لیے ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔ انہوں نے *بشیر حسین فاؤنڈیشن* کے تعاون سے *موہڑہ شریف* اور گردونواح کے لیے ایک مفت ایمبولینس سروس کا آغاز کیا ہے۔
اس فلاحی منصوبے کا مقصد دیہی علاقوں میں ایمرجنسی طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے، جہاں فوری طبی امداد کی کمی ایک بڑا مسئلہ ہے۔ APPNA NJ کے صدر ڈاکٹر عرفانہ خان کی قیادت میں اس منصوبے کی منظوری 16 فروری 2024 کو دی گئی تھی، جس کے تحت ضلع چکوال کے یونین کونسل بھین/پادشاہان میں مفت ایمبولینس سروس فراہم کی جائے گی۔
اس سروس کا باقاعدہ افتتاح موہڑہ شریف میں ایک پروقار تقریب کے دوران کیا گیا، جس میں علاقہ بھر سے معززین نے شرکت کی۔ بریگیڈیئر ( ریٹائرڈ) نذیر حسین نے لوگوں کو اس ویلفیئر سروس کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی چوہدری شہریار علی خان تھے، جبکہ بشیر حسین فاؤنڈیشن کے چیف آرگنائزر چوہدری مدثر بلال صفدر، کموڈور (ریٹائرڈ) ایم ارشد، پرنسپل (ریٹائرڈ) نذیر حسین راز، ملک زاہد محمود (شاہ فہد)، ڈاکٹر عبدالرزاق (امیر پور منگن)، ڈی ایس پی (ریٹائرڈ) ملک مسعود مظہر، چوہدری شکیل افضل منہاس، چوہدری جاوید (چک عمرا)، چوہدری رفیق ولانہ، ڈاکٹر امجد چوہدری، چوہدری نوید قمر، مفتی حنظلہ ضمیر منہاس، سابقہ کونسلر ملک رستم علی خان اور مہر عنصر جاوید سمیت اہل علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران بشیر حسین فاؤنڈیشن کے روح رواں اور ڈائریکٹر اے بی شاہین نے تمام اہل علاقہ کا بھرپور شکریہ ادا کیا اور اس عظیم کاوش کو سراہا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ ایمبولینس سروس علاقے کے لوگوں کے لیے ایک قیمتی اثاثہ ثابت ہوگی اور ایمرجنسی کی صورت میں فوری طبی امداد کی فراہمی کو ممکن بنائے گی۔
یہ اقدام نہ صرف صحت کے شعبے میں بہتری کی جانب ایک مثبت قدم ہے بلکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی اپنے وطن سے وابستگی اور خدمت کے جذبے کی بھی عکاسی کرتا ہے۔

کوئی تبصرے نہیں