سرکاری فنڈز پر ہاتھ صاف کرنے کےلیے برائے نام متاثرین بھی میدان میں آگئے
ڈھڈیال(نامہ نگار خصوصی) سرکاری فنڈز پر ہاتھ صاف کرنے کےلیے برائے نام متاثرین بھی میدان میں آگئے جس سے امدادی رقوم نہ ملنے کے امکانات بھی بڑھ گئے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے دورہ چکوال کے بعد حکومت پنجاب کی ہدایت پر بارش سے متاثرہ افراد کے نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے سروے کےلیے سیکرٹریز، پٹواریوں اور دیگر عملہ کو ذمہ داری سونپی۔حالیہ بارشوں سے محلہ بھٹیاں ، اسلام پورہ چکوال ،جنڈیال فیض اللّٰہ، چک باقر شاہ، ڈھوڈہ اور چند دیگر قصبات بارش سے شدید متاثر ہوئے جبکہ ضلع کے دیگر دیہات میں معمول کے مطابق جزوی نقصان پہنچا جبکہ سرکاری انفراسٹرکچر کو سب سے زیادہ نقصان پہنچا۔ ذرائع نے بتایا کہ حکومتی امداد لینے کے لالچ میں ایسے افراد بھی سروے میں اپنا نام درج کروا رہے ہیں جن کا معمولی نقصان ہوا ہےاور ان کی مالی حیثیت اتنی ہے کہ وہ خود بھی اسے برداشت کرسکتے ہیں لیکن وہ امدادی رقوم کے حصول کے لیے سفارشیں کراکر اپنا اندراج کرا رہے ہیں۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ اس بات کے امکانات بڑھ گئے ہیں کہ حالیہ سروے سے خدشہ ہے کہ اصل اور حقیقی متاثرین امداد سے محروم ہو جائیں گے اور حکومت کے لیے شائد اتنی بڑی رقم کی ادائیگی ممکن نہ ہو۔

کوئی تبصرے نہیں