بزرگ صحافی، خوش اخلاق اور ہر دلعزیز شخصیت فتح نور میر مرحوم کی رسمِ قل ادا کر دی گئی
چکوال (عبدالغفور منہاس)بزرگ صحافی، خوش اخلاق اور ہر دلعزیز شخصیت فتح نور میر مرحوم کی رسمِ قل دارالعلوم حنفیہ چکوال میں عقیدت و احترام کے ساتھ ادا کر دی گئی۔ رسمِ قل میں ضلع بھر سے تعلق رکھنے والی ممتاز سیاسی، سماجی، صحافتی، مذہبی اور کاروباری شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے قرآن خوانی، فاتحہ خوانی اور خصوصی دعاو¿ں کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد مرحوم فتح نور میر کے درجات کی بلندی، مغفرت اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی گئی۔ اس موقع پر جانشینِ مرشدِ عالم صاحبزادہ عبدالقدوس نقشبندی نے ایمان افروز خطاب کرتے ہوئے مرحوم کی صحافتی، سماجی اور اخلاقی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ فتح نور میر مرحوم ایک نیک سیرت، ملنسار اور عوامی مسائل کو اجاگر کرنے والے صحافی تھے جن کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ بعد ازاں انہوں نے رقت آمیز اجتماعی دعا کرائی جس میں شرکاءکی بڑی تعداد آبدیدہ ہو گئی۔ رسمِ قل میں معروف روحانی شخصیت حضرت تابش کمال کمالی،سابق چیئر مین میونسپل کمیٹی چکوال چوہدری سجاد احمد خان، چیئرمین چکوال پریس کلب خواجہ بابر سلیم محمود، صدرمحمد خان عاقل، سابق صدر چکوال چیمبر آف کامرس شیخ محمد ہارون، سابق صدر چیمبر آف کامرس ملک غلام مرتضی،ملک حفیظ انجم،چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی چیمبر آف کامرس، قاضی محمد عمیر،اکبر بادشاہ، ماہرینِ تعلیم سید انوار الحق شاہ اور چوہدری معین اکرم سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔اس موقع پر پنجاب پولیس کے محمد اقبال بالی، چیف ایڈیٹر فیصل ٹائم بشیر بشی، سلطانی نیوز ایجنسی کے شوکت محمود سلطانی، معروف صحافی، شاعر و ادیب ملک صفی الدین صفی،کونسلر طارق شاہ، سینئر صحافی راجہ افتخار، مہران ظفر، ملک محمد نوید، محمد خان تترال،سابق اور دیگر صحافیوں و معززین علاقہ کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔قبل ازیں سینئر صحافی ایم اسحاق، ریجنل یونین آف جرنلسٹس پاکستان کے وفد کے ارکان عبدالغفور منہاس، راجہ ذوالفقار احمد اور فیصل انور نے مرحوم کی رہائشگاہ پر جا کر فاتحہ خوانی کی اور مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی دعا کی۔ وفد نے سوگوار خاندان سے ملاقات کرتے ہوئے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔رسمِ قل کے شرکاء نے مرحوم کے بھائیوں سینئر صحافی و جنرل سیکرٹری چکوال پریس کلب ذوالفقار میر، ڈی ایس پی اسلام آباد پولیس اورنگزیب میر، مظہر میر، بیٹے خرم میر اور داماد نعیم بٹ سے تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کی صحافتی و سماجی خدمات کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔ مقررین نے کہا کہ فتح نور میر مرحوم نے اپنی زندگی دیانتداری، شرافت اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے ساتھ گزاری اور ان کی وفات سے چکوال کی صحافتی برادری ایک مخلص ساتھی سے محروم ہو گئی ہے۔تقریب کے اختتام پر مرحوم کے درجات کی بلندی، ملکی سلامتی، اتحادِ امت اور مرحوم کے اہل خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی خصوصی دعا کی گئی۔ شرکاءنے مرحوم کی بخشش اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کے لیے اجتماعی طور پر دعا مانگی۔

کوئی تبصرے نہیں